ایک امریکی شخص گزشتہ 18 برس سے انجانے میں اپنے پڑوسی کا بجلی کا بل بھرتا رہا

کیلیفورنیا: ایک امریکی شخص گزشتہ 18 برس سے انجانے میں اپنے پڑوسی کا بجلی کا بل بھرتا رہا۔

 

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق 2006 سے موجودہ اپارٹمنٹ میں رہنے والے کین ولسن کا کہنا تھا کہ انہوں نے  حال ہی میں غور کیا کہ ان کا پیسیفک گیس اور الیکٹرک بِل زیادہ آ رہا ہے، لہٰذا انہوں نے توانائی کے استعمال کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ تمام تر اقدامات کے باوجود جب ان کا بل کم نہیں ہوا تو وہ پی جی اینڈ ای کے دفتر پہنچے اور بل کی زیادتی کے متعلق آگاہ کیا۔

 

کین ولسن کا کہنا تھا کہ ادارے کا خیال تھا کہ یا تو لائن لیک تھی یا کوئی ان کی بجلی چوری کر رہا تھا۔ یا پھر میٹر میں کچھ مسئلہ تھا کیوں کہ کچھ تو ایسا تھا جو ٹھیک نہیں تھا۔

 

یوٹیلیٹی کمپنی کے ملازمین کین ولسن کے گھر معائنے کے لیے آئے۔ اور تب یہ بات سامنے آئی کہ کمپنی ان سے ان کے بجائے ان کے پڑوس کی بجلی کا بِل وصول کر رہی ہے۔

 

کین ولسن کا کہنا تھا کہ یہ مغالطہ ممکنہ طور پر گزشتہ 18 برس سے ہو رہا ہو جب سے وہ اس اپارٹمنٹ میں رہ رہے ہیں۔ادارے نے ایک بیان میں کہا کہ ادارہ اپنی غلطی کو قبول کرتا ہے اور غلطی کی تلافی کا عزم رکھتا ہے۔