ڈبے کھلنے کے بعد فارم 45 ہو یا 75 اس کی حیثیت نہیں رہتی: چیف جسٹس پاکستان

اسلام آباد:چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ درخواست گزار کو کیسے پتہ چلا کہ غلط رزلٹ تیار کیا گیا ہے، ڈبے کھلنے کے بعد فارم 45 ہو یا 75 اس کی حیثیت نہیں رہتی۔

سپریم کورٹ نے بلوچستان اسمبلی کی نشست پی بی 14 سے متعلق پیپلز پارٹی کے غلام رسول کی درخواست مسترد کر دی۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔عدالت نے پی بی 14 بلوچستان سے ن لیگ کے محمد خان لہڑی کی کامیابی برقرار رکھا ہے۔

دوران سماعت وکیل درخواست گزار شاہد رسول نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے 96 پولنگ سٹیشنز میں سے 7 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ گنتی کی درخواست دائر کی۔چیف جسٹس پاکستان نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ کو کیسے پتہ چلا کہ غلط رزلٹ تیار کیا گیا؟ جس پر وکیل نے مؤقف اپنایا کہ فارم 45 کے مطابق یہ رزلٹ نہیں تھے اور افسران جانبدار تھے۔

جسٹس نعیم افغان نے کہا کہ پریذائیڈنگ افسران نے اصل ریکارڈ پیش کیا، آپ کاپیوں پر کیس چلا رہے ہیں، درخواست گزار کے گواہان نے پریذائیڈنگ افسران کا نام تک غلط بتایا، درخواست گزار کے گواہ تو خود کو پولنگ ایجنٹس بھی ثابت نہیں کر سکے۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ انتخابات میں سب سے اہم شواہد ووٹ ہوتے ہیں، فارم 45 تو پریذائیڈنگ افسر بھرتا ہے، یا تو دوبارہ گنتی پر اعتراض کریں کہ ڈبے کھلے ہوئے تھے۔جسٹس شاہد بلال نے کہا کہ ریکارڈ سے آپ کے الزامات ثابت نہیں ہوتے، کیس بہت سادہ ہے۔
چیف جسٹس پاکستان نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ پریزائیڈنگ افسران کی جانبداری ثابت کریں، بتائیں کیا وہ رشتہ دار تھے ؟ دوبارہ گنتی پر کوئی الزام نہیں لگایا گیا، پریزائڈنگ افسر جانی دشمن بھی ہوتو فیصلہ ووٹ سے ہوتا ہے، ووٹوں کے سامنے 45 فارم کی کوئی اہمیت نہیں۔وکیل نے مؤقف اپنایا کہ پریزائیڈنگ افسران نے سارا فراڈ کیا، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ یونہی الزام نہ لگائیں قانون یا کوئی فیکٹ بتائیں۔