راولپنڈی : راولپنڈی میں انسداد ڈینگی مہم کے باوجود ڈینگی مچھر بے قابو ،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 56 افراد میں ڈینگی پازیٹیو ہونے کی تصدیق ہوئی ہے ۔
رپورٹس کے مطابق الائیڈ اسپتالوں میں زیر علاج ڈینگی پازٹیو مریضوں کی تعداد نے سنچری مکمل کرلی ہے۔ ڈینگی کے حوالے سے راولپنڈی میں پوٹھوہار ٹاؤن سرکل ہاٹ سپاٹ علاقہ بن گیا ۔
راولپنڈی ضلع میں رواں سیزن ابتک ڈینگی سے متاثرہ کنفرم مریضوں کی تعداد 501 تک پہنچ گئی ہے۔ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 27 مریض پوٹھوہار ٹاؤن جبکہ 6 راولپنڈی میونسپل کارپوریشن حدود سے آئے۔
راولپنڈی کنٹونمنٹ ایریا سے 9 اور چکلالہ سے 4 مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔ اسی طرح گوجرخان، کہوٹہ، کلرسیداں اور پوٹھوہار رولر سے ڈینگی کے دو 2 مریض جبکہ ٹیکسلا کینٹ اور ٹیکسلا رولر سے ایک 1 ڈینگی کا شکار مریض سامنے آیا۔
محکمہ صحت کے مطابق رواں برس ڈینگی لاروا ملنے پر مجموعی طور پر 2770 ایف آئی آرز درج کی گئیں جبکہ ڈینگی لاروا ملنے پر 785 عمارتوں کوسر بمہر کرکے 2203 چالان ٹکٹ جاری کیئے گئے،وارننگ کے باوجود ڈینگی لاروا دوبارہ ملنے پر 1 کروڑ 39 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ بھی کیا گیا۔