مخصوص نشستوں کے معاملے پر جلد فیصلہ آئے گا، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد:  چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ لاہور کا جلسہ اپنے وقت پر ہوگا،مخصوص نشستوں کا معاملہ لٹکاا ہوا ہے، اس پر بھی جلد فیصلہ آئے گا۔

الیکشن کمیشن  میں انٹراپارٹی انتخابات کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہماری پارٹی کا سٹرکچر موجود ہے، امید ہے 2 اکتوبر کو ہونے والی سماعت میں انٹرا پارٹی الیکشن کا معاملہ حل ہوجائے گا۔ ہمیں امید ہے الیکشن کمیشن ہماری راہ میں مزید رکاوٹیں نہیں ڈالے گا۔

 

انہوں نے کہا ہے  کہ سپریم کورٹ بھی اب چیزیں واضع کر چکی ہے، الیکشن کمیشن کے لئے یہ مناسب نہیں وہ ایک پارٹی کے انٹرا پارٹی الیکشن پر بات کرے اور باقیوں کو چھوڑ دے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا انٹرا پارٹی الیکشن کا کیس سماعت کے لیے مقرر تھا، ہم نے جو دستاویزات جمع کروائی تھیں وہ ابھی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے پاس ہیں۔

 

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا ہے کہ ہم نے درخواست کی تھی کہ ایف آئی اے سے تمام دستاویزات طلب کی جائیں، پی ٹی آئی 175 سیاسی جماعتوں میں واحد جماعت ہے جس نے شفاف ترین انٹرا پارٹی الیکشن کروائے۔