پنڈی ٹیسٹ: بنگلادیش کو سیریز جیتنے کیلئے مزید 138 رنز درکار

راولپنڈی:پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کا آج فیصلے کا دن ہے اور مہمان ٹیم کو سیریز اپنے نام کرنے کے لیے مزید 138 رنز درکار ہیں۔بارش اور خراب روشنی کے باعث چوتھے دن کا کھیل جلد ختم کردیا گیا تھا اور آج مہمان ٹیم نے اپنی اننگز 42 رنز سے آگے بڑھائی،  اس وقت ذاکر حسن 31 اور شادمان اسلام 16 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں اور بنگال ٹائیگرز کا ایک بھی کھلاڑی آؤٹ نہیں ہے۔

 

 

اس صورتحال کے بعد یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ پاکستان پر وائٹ واش کا سایہ منڈلانے لگا ہے اور دوسرے ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم کی گرفت مضبوط ہوگئی ہے۔

 

 

یاد رہے کہ اس ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا کھیل بارش کی وجہ سے منسوخ ہوگیا تھا اور ٹاس بھی نہ ہوسکا تھا پھر دوسرے دن پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 274 رنز بنائے جس کے جواب میں مہمان ٹیم 262 رنز بنا کر 12 رنز کے خسارے میں چلی گئی تھی۔

 

 

اس کے بعد پاکستان ٹیم نے 12 رنز کی برتری کے ساتھ اپنی دوسری اننگز آگے بڑھائی اور 172 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور یوں بنگلا دیش کو جیت کے لیے 185 رنز کا ہدف ملا۔

 

 

 

محکمہ موسمیات نے آج پنڈی میں دوپہر تک بارش کی پیشگوئی کی ہے اور اگر میچ بارش سے متاثر ہونے کی صورت میں بھی بنگلا دیش سیریز ایک صفر سے جیت جائے گا۔