وزیراعظم شہباز شریف کا ڈاکٹر محمد یونس کو خط، بنگلہ دیش میں حالیہ سیلابی صورتحال پر پاکستان کی مدد کی پیشکش

اسلام آباد:23اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بنگلہ دیش میں حالیہ سیلابی صورتحال پر بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کو خط میں پاکستان کی جانب سے مدد کی پیشکش کی ہے۔

 

 

 

جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ بنگلہ دیش میں حالیہ تباہ کن سیلابی صورتحال پر دلی دکھ اور رنج ہے، اس کڑے وقت میں مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم کی ہمدردیاں بنگلہ دیشی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔

 

 

انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں بنگلہ دیش اور بنگلہ دیشی شہریوں جن کے سیلاب میں پیارے بچھڑ گئے، گھر اور روزگار تباہ ہوئے، کے ساتھ کھڑے ہیں، بنگلہ دیشی عوام مشکلات میں اپنے حوصلے اور ہمت کیلئے جانے جاتے ہیں۔

 

 

 

وزیراعظم نے کہا کہ پر امید ہوں کہ بنگلہ دیش آپ کی قیادت میں اس مشکل سے جلد نکل آئے گا، پاکستان اس مشکل وقت میں ہر طرح سے بنگلہ دیش کی مدد کیلئے تیار ہے۔

 

 

بنگلہ دیش کے جنوب مشرق میں شدید بارشوں اور ندی نالوں میں طغیانی  سے پیدا ہونے والے سیلاب سے ایک شخص ہلاک گیا، جبکہ  30 ​​لاکھ افراد محصور ہو کر رہ گئے۔

 

 

گزشتہ روز سے 8  علاقوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

 

 

تیس لاکھ افراد سیلاب کی وجہ سے پھنسے ہوئے  ہیں تو بتایا گیا  ہے کہ ایک حاملہ خاتون سیلابی پانی میں بہہ کر جان کی بازی ہار گئی۔

 

 

فینی اور نواکھلی سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں کے طور پر ریکارڈ کیا گیا ہے تو  کچھ علاقوں میں بجلی  کی ترسیل منقطع رہی۔

 

 

 

مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ 1988 کے بعد اتنی شدید بارشیں نہیں دیکھی گئی تھیں اور "گزشتہ 37 سالوں کی بدترین سیلابی تباہی  ہوئی ہے۔”