سوشل میڈیا ایپس کئی روز کی بندش کے بعد بحال ہو نا شروع

اسلام آباد: سوشل میڈیا ایپس اور انٹرنیٹ  ملک بھرمیں کئی روز  سست رفتاری اور خلل کے مسائل کےبعد بہتری کی طرف آنا شروع ہو گئے۔

 

سوشل میڈیا ایپس پر ڈیٹا ،ڈاکومنٹس، تصاویر اور وائس نوٹس آ ج ڈاؤن لوڈ ہونا شروع ہو گئے ہیں ۔ملک بھر میں انٹرنیٹ صارفین کو سوشل میڈیا ایپس خاص طور پر ٹوئٹر (ایکس) کے استعمال میں شدید مشکلات کا سامنا تھا جبکہ گزشتہ کئی روز سے واٹس ایپ پر بھی وائس میسجز، تصاویر اور ویڈیوز ڈاؤن لوڈ نہیں ہو رہی تھیں۔

 

انٹرنیٹ کی رفتار انتہائی سست ہونے کے باعث ملک بھر میں آن لائن کاروبار سے منسلک لاکھوں افراد کو شدید پریشانی کا سامنا تھا۔انٹرنیٹ میں خلل کے باعث ملک میں انٹرنیٹ کی رفتار میں 30 سے 40 فیصد کمی آئی تھی، جس سے ملکی ڈیجیٹل معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

 

اس صورتحا ل کو دیکھتے ہو ئے انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز ایسوسی ایشن نے بڑھتی ہوئی نگرانی کو انٹرنیٹ کی اسپیڈ میں کمی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے دھمکی دی تھی کہ صورتِ حال برقرار رہی تو کاروباری ادارے اپنے آپریشنز دوسرے ممالک میں منتقل کر لیں گے۔

 

تاہم اب ملک میں سوشل میڈیا ایپس کئی روز بعد بحال ہونا شروع ہو گئی ہیں اور ڈیٹا بھی ڈاؤن لوڈ ہونا شروع ہو گیا ہے۔