اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے پارا چنار میں ہونے والے قبائلی تصادم سے متعلق ایران کے بیان کو غیر ضروری قرار دے دیا ہے۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ کسی بھی انسان کا قتل ناقابل برداشت ہے، پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کا ذمہ دار ہے۔ انھوں نے کہا پاراچنار پر ایرانی بیان غیر ضروری ہے، اس بیان میں پارا چنار کی مکمل صورتحال کا احاطہ موجود نہیں ہے، وزارت داخلہ اس متعلق کام کر رہی ہے، شیڈیول 4 میں افراد کو شامل کرنا ایک قانونی عمل ہے۔
ترجما ن کا کہنا تھا بڑی تعداد میں پاکستانی شہری مشرق وسطیٰ ممالک میں کام کر رہے ہیں، زیادہ تر پاکستانی قانون کا احترام کرنے والے ہیں، میزبان حکومتیں اپنے معاشروں کی ترقی میں پاکستانیوں کے کردار کو سراہتی ہیں، پاکستان نے ہمیشہ اپنے شہریوں کو کہا وہ جن ممالک میں ہیں ان کے قوانین اور روایات کا احترام کریں، جب کوئی بھی کیس وزارت خارجہ کے پاس آئےگا تو اسےمتعلقہ حکومتوں سے شیئر کیا جائیگا۔
ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں ہونے والے واقعے پر جرمن حکومت سے رابطے میں ہیں، جرمن حکومت کو کہا ہے کہ ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔
پاک افغان سرحد پر مال بردار گاڑیوں کے ویزے سے متعلق سوال پر ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا پاک افغان سرحد پر لوگوں کی نقل و حرکت کے لیے ون ڈاکیومنٹ رجیم انتہائی ضروری ہے۔