قومی پرچم کی حرمت پر آنچ نہیں آنے دیں گے، پاکستانیوں کا واضح پیغام

اسلام آباد :  گزشتہ دنوں فرینکفرٹ میں افغان شہریوں اور پی ٹی ایم کی جانب سے پاکستانی جھنڈے کی بے حرمتی کی گئی ۔  پاکستانی سفارت خانہ پر مشتعل مظاہرین کے حملے اور قومی پرچم اتارنے کے واقعہ پر پاکستان نے جرمنی سے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے

 

ساتھ ہی حکومت نے پاکستانی جھنڈے کی حرمت کے لیے ایک مہم شروع کی ہے ،  وفاقی کابینہ کے ارکان کی جانب سے ”حرمت پرچم“ مہم کا آغاز کر دیا گیا۔

 

تمام پاکستانی قومی جھنڈے کی عظمت برقرار رکھنے کے لیے نئے عزم کا اظہار کر رہے ہیں، اس مہم سے تخریب کاروں اور پاکستان کے دشمنوں کو واضح پیغام پہنچایا جائے گا۔

 

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے اس موقع پر کہا کہ سیاسی کارکن، صحافی، دانشور، اساتذہ، وکلا، ڈاکٹر، کسان، مزدور، طالب علم، کاروباری حضرات، بیرون ملک محب وطن پاکستانی اور پاکستانی نوجوان ”حرمت پرچم مہم“ کا حصہ بنیں۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پرچم ہماری قومی شناخت اور خودمختاری کی علامت ہے، پاکستانی پرچم قوم کے اتحاد اور یکجہتی کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگست پاکستان کی آزادی کا مہینہ ہے، ”حرمت پرچم“ کی اس مہم کو مسلسل جاری رکھیں گے، حرمت پرچم قومی ذمہ داری ہے اور ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ وہ اس پر عمل کرے۔ واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر وفاقی وزرا کی ”حرمت پرچم“ مہم کو خوب پذیرائی  مل رہی  ہے۔