حکومت کا کالعدم ٹی ٹی پی کے سرغنہ نور ولی محسود کیخلاف سخت قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ

راولپنڈی: کالعدم ٹی ٹی پی کے سرغنہ خارجی نور ولی محسود کی حالیہ خفیہ کال  لیک کا فورنزک کروانے کے بعد نور ولی کے خلاف  سخت قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کر لیا گیا۔

 

۱۹ جولائی کو خارجی نور ولی کی خفیہ کال منظر عام پر آئی تھی جس میں وہ  خوارجی احمد حسین عرف غٹ حاجی کو ہسپتالوں، سرکاری املاک، سکولوں کو دھماکے سے اڑانے کی ہدایات دے رہا ہے،  کال میں پولیس اور فوجیوں کے گھروں کو مسمار کرنے کی واضح ہدایات  بھی سنی جا سکتی ہیں۔

میڈیا پر خبر کے بعد   شدید عوامی رد عمل  آنے پر  خوارجی ٹولے  نے خفیہ کال کو اے آئی جنریٹیڈ قرار دے کر راہِ فرار کی کوشش کی
جس کے بعد متعلقہ حکام نے نور ولی اور غٹ حاجی کی خفیہ آڈیو لیک کا آفیشل فورنزک کروانے کا فیصلہ کر لیا۔

اِس اہم کال کی فورنزک رپورٹ کے بعد  15/16 جولائی کو معصوم بچوں اور عورتوں کو شہید کرنے پر ان خارجیوں کے خلاف سخت  قانونی چارہ جوئی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،خارجی ٹولے اور نور ولی کی افغانستان میں مسلسل موجودگی پر افغان انٹرم گورنمنٹ سے شدید احتجاج بھی کیا جائے گا اور اِن خوارجیوں کو پاکستان کے حوالے کرنے کا فوری مطالبہ بھی کیا جائے گا۔

افغانستان کی سر زمین پاکستان کے خلاف مسلسل استعمال  ہو رہی ہے اور انٹرم افغان حکومت خوارجی ٹولے کی دہشت گردانہ سرگرمیوں کو روکنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے،  دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے  اکھاڑنے کے لئے پاکستان ہر ممکن حد تک جائے گا تاکہ اِس ناسور سے نجات حاصل کی جا سکے۔