پاکستان تحریک انصاف پر ممکنہ پابندی کیخلاف اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی قراردادیں منظور

پشاور: پی ٹی آئی پر ممکنہ پابندی کیخلاف اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی قراردادیں منظور کرلی گئی ہیں ۔ خیبر پختونخوا اسمبلی میں پی ٹی آئی پر ممکنہ پابندی کےخلاف اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی قراردادیں منظور کی گئی ہیں۔

صوبائی اسمبلی کا اجلاس سپیکر بابر سلیم سواتی کی زیرصدارت ہوا، جس میں وزیر قانون آفتاب عالم کی جانب سے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی سے متعلق قرارداد پیش کی گئی۔

اس قرارداد میں کہاگیا کہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین کی رہائی سےمتعلق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی انسانی حقوق کمیٹی نے ایک رپورٹ پیش کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کےساتھیوں کےکیسز قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔

کراچی کے شہریوں کے لیے بڑی سہولت ،پیپلز بس سروس کے تین نئے روٹس کا اعلان
قرارداد میں مزید کہا گیا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی مطالبہ کرتی ہے کہ اقوام متحدہ رپورٹ کے تناظرمیں بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے۔
بعد ازاں صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے تحریک انصاف پر ممکنہ پابندی سے متعلق قرار داد پیش کی، جس میں کہا گیا ہے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلےنےواضح کیا ہے کہ پی ٹی آئی ملک کی سب سےبڑی جماعت ہے اور پی ٹی آئی کو بہ لحاظ حجم مخصوص نشستیں دی جائیں۔

قرارداد میں مزید کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود وفاقی کابینہ پی ٹی آئی پر پابندی کابیانیہ بنارہی ہے۔ پی ٹی آئی پرپابندی لگائی جاتی ہے،تو یہ آئین کے آرٹیکل 17کی خلاف ورزی ہوگی۔ تحریک انصاف آئین کے ساتھ کھڑی ہے،پابندی لگنےکی صورت میں عدالتی اورعوامی سطح پرفیصلےکےخلاف جائے گی۔