تحریک انصاف پر پابندی بارے عجلت سے گریز کیا جائے، مسلم لیگ ق کا حکومت کو مشورہ

 

لاہور: مسلم لیگ ق نےحکومت کو مشورہ دیا ہے کہ  تحریک انصاف پر پابندی بارے عجلت سے گریز کیا جائے، کل کو سپریم کورٹ میں پابندی کی وجوہات کو ثابت کرنا پڑے گا۔

 

تحریک انصاف پابندی کے معاملے پر مسلم لیگ ق کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و مرکزی ترجمان مصطفیّ ملک نے کہا ہے پابندی کے متعلق چوہدری شجاعت  کا موقف واضع ہےکہ ریاست  کا دل بڑا ہوتا ہے اسے وسیع ظرف دکھانا چاہیے۔تحریک انصاف بھی اپنے رویہ پر غور کرے، ملک انتہاء پسندی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔تحریک انصاف بطور سیاسی جماعت اور اپوزیشن  اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کر پارہی ،تنقید برائے تنقید اور ہٹ دھرمی کسی مسئلہ کا حل نہیں ہوتا۔

 

انھوں نے ایک بیان میں کہا حکومت اور اپوزیشن کو اپنی توجہ ملکی معیشت اور عوامی مسائل پر مرکوز رکھنی چاہئے،سیاسی جماعتیں معاشی و سیاسی استحکام کی خاطر انا کی سیاست ترک کریں،  ملک پہلے ہی معاشی و سیاسی بحران سمیت امن و امان کی بد ترین صورتحال کاسامنا کررہا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنی کارکردگی بہتر بنائے اور عوامی مسائل حل کرنے پر توجہ دے۔ ترجمان نے کہامحازآرائی سے سیاسی و معاشی استحکام کی راہ مزید مشکل ہوجائے گی۔