پی سی بی میں آپریشن شروع، قومی سلیکشن کمیٹی سے وہاب ریاض اور عبد الرزاق فارغ

لاہور: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرمناک کارکردگی کے بعد  پی سی بی  نے قومی کرکٹ ٹیم کا آپریشن شروع کردیا، پہلے مرحلے میں قومی سلیکشن کمیٹی کے سب سے با اثر رکن وہاب ریاض کو فارغ کردیا گیا،جبکہ عبد الرزاق کو بھی عہدے سے سبکدوش کر دیا گیا ہے۔

 

یاد رہے کہ وہاب محسن نقوی کے ساتھ پنجاب حکومت میں وزیر کھیل بھی تھے۔ ورلڈ کپ میں وہ سینئر منیجر کی اضافی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔

 

پی سی بی نے وہاب ریاض اور عبدالرزاق کے سلیکشن کمیٹیوں سے الگ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کی مین اور ویمن سلیکشن کمیٹی میں خدمات درکار نہیں ہیں۔ عبد الرزاق مین اور ویمین سلیکشن کمیٹی کے ممبر تھے، وہاب ریاض مینز سلیکشن کمیٹی کے ممبر تھے۔

 

پی سی بی اعلامیے کے مطابق سلیکشن کمیٹی کے حوالے سے مزید اپ ڈیٹس بعد میں فراہم کی جائیں گی۔

 

واضح رہے کہ ان دونوں حضرات  کی سبکدوشی کے بعد محمد یوسف اور اسد شفیق سلیکشن کمیٹی کے رکن ہیں جبکہ بلال افضل بھی سلیکشن کمیٹی کے اراکین میں شامل ہیں۔

 

پیر کی شب محسن نقوی نے لاہور میں کوچز جیسن گلسپی اور گیری کرسٹین سے ملاقات کی تاہم  بابر اعظم لاہور میں ہونے کے باوجود میٹنگ میں مدعو نہ تھے۔