اسلام آباد عالمی معیار کا شہر بنے گا، اہم فیصلہ ہوگئے

اسلام آباد:اسلام آباد  عالمی معیار کا شہر بنے گا، اہم فیصلہ ہوگئے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کو عالمی معیارکا شہر بنانے کیلئے اہم فیصلے کیے ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے میں اہم اجلاس ہوا،  اجلاس میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کری انکلیو، فیڈرل سیکریٹریٹ کی عمارت کی تزئین و آرائش،ڈپلومیٹک انکلیو و دیگر منصوبوں پر غور کیا گیا۔محسن نقوی نے اجلاس میں کہا کہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی کیلئے سی ڈی اے آئندہ صرف الیکٹرک بائیکس خریدے گی، اسلام آباد کے شہریوں کے لئے ماحول دوست الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے ایمرجنسی سروسز کو ایم سی آئی سے سی ڈی اے کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کی ایمرجنسی سروسز فراہم کی جائیں گی، ساتھ ہی  انہوں نے کہا کہ کیپٹل واسا کا قیام بھی جلد عمل میں لایا جائے گا، کیپیٹل ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے قیام کے لئے متعلقہ امور کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیاگیا ہے کہ زیر التوا منصوبوں کو جلد مکمل کیاجائے گا۔