190 ملین پاؤنڈ ریفرنس: سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان، پرویز خٹک، زبیدہ جلال آئندہ سماعت پر طلب

راولپنڈی:بانی پی ٹی ائی کے خلاف اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت 10 جولائی تک ملتوی کر دی گئی۔ آئندہ سماعت پر سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعظم اعظم خان کو طلب کر لیا گیا۔سابق وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک، زبیدہ جلال کو بھی آئندہ سماعت پر طلب کر لیا گیا، آئندہ سماعت پر بنی گالہ کے پٹواری عباس کو بھی طلب کر لیا گیا ۔

 

نیب کی جانب سے امجد پرویز،سردار مظفر عباسی سمیت لیگل ٹیم عدالت پیش ہوئی جبکہ وکلاء صفائی عثمان گل، ظہیر عباس چوہدری ملزمان کی جانب سے عدالت پیش ہوئے۔سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی، بشری بی بی کو جیل میں پیش کیا گیا ۔

 

ایسٹ ریکوری یونٹ کے غلام حیدر، ڈی سی ایف بی آر محمد علی تاج کے بیان پر جرح مکمل کی گئی جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف ائی اے یاسر عظیم کے بیان پر بھی جرح مکمل کی گئی۔ آج کی سماعت کے بعد ریفرنس میں استغاثہ کے 30 گواہان کی شہادت پر جرح مکمل ہو گئی۔

 

خیال رہے کہ ریفرنس میں ابتک مجموعی طور پر 30 گواہوں کے بیانات قلمبند کیئے جا چکے ہیں ۔

 

یاد رہے کہ  گزشتہ سماعت پر عدالت نے بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت منظور کی تھی ۔