بادل برسنے سے لاہور کے نشیبی علاقے زیر آب، گلیاں، سڑکیں تالاب میں تبدیل

لاہور: گرمی اور حبس کے مارے عوام کو بارش سےریلیف مل گیا۔ بادل برسنے سے لاہور کے نشیبی علاقے زیر آب، گلیاں، سڑکیں تالاب میں تبدیل ہو گئیں۔

 

لاہور میں آدھے گھنٹے کی بارش سےجل تھل ایک ہو گیا، کینال روڈ، جوہر ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، اقبال ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن کے علاقے میں بارش ہوئی۔ ٹھوکر نیاز بیگ، رائیونڈ روڈ، ڈیفنس روڈ، اڈہ پلاٹ کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ جم  کر بادل برسے جبکہ لکشمی چوک میں 85، قرطبہ چوک  48 اور گلبرگ میں44 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

بارش کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں،  گلیاں اور سڑکیں ندی نالوں کو منظر پیش  کرتی رہیں۔بارش کی وجہ سے متعدد فیڈرز بھی ٹرپ کر گئے۔

لاہور کے علاوہ گوجرانوالہ،شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، صفدر آباد، جڑانوالہ، فیصل آباد، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، بہاولپور، کوٹ ادو، بھلوال، حافظ آباد، منچن آباد، پاکپتن   میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔

بادل برسنے سے کسانوں کے مرجھائے چہرے کھل اٹھے۔ کسانوں نے آم سمیت دیگر فصلوں کیلئے بارش کو فائدہ مند قرار دیدیا

محکمہ موسمیات کے مطابق آج پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش کی توقع ہے۔