ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ فائنل میں پہنچ گیا، فغانستان کو 9 وکٹوں سے شکست

تاروبا: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے افغانستان کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی۔ جنوبی افریقہ فائنل میں پہنچ گیا۔

 

ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے برائن لارا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا . جنوبی افریقہ کے سامنے افغانستان کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت  ہوئی ۔کوئی بھی بیٹر جنوبی افریقی بالرز کا مقابلہ نہیں کر سکا۔افغانستان کی پوری ٹیم 11.5 اوورز میں 56 رنز بناکر آل آوٹ ہوگئی۔

 

افغانستان کے 3 کھلاڑی رحمٰن اللّٰہ گرباز، محمد نبی اور نور احمد بغیر کسی رن بنانے کے آوٹ ہوئے جبکہ عظمت اللّٰہ عمرزئی کے سوائے کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہیں ہو سکا۔جنوبی افریقہ کی جانب سے مارکو جینسن اور تبریز شمسی نے 3، 3 جبکہ کگیسو رباڈا اور اینریچ نورجے نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

 

جنوبی افریقہ نے 57 رنز کا ہدف 8.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا، ریزا ہینڈرکس 29 اور کپتان ایڈن مارکرم 23 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ کوئنٹن ڈی کاک 5 رنز بناکر فضل حق فاروقی کی بال پر آؤٹ ہوئے۔

 

واضح رہے کہ افغانستان نے سپر 8 مرحلے میں ایونٹ کی خطرناک ٹیم آسٹریلیا کو اپ سیٹ شکست دی تھی۔

 

یاد رہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے سال 2009 اور 2014 میں سیمی فائنل کھیلا تھا لیکن اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔