ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ : سپرایٹ مرحلے کا پہلا اپ سیٹ ، افغانستان نے آسٹریلیا کوشکست دیدی

کنگسٹن : ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 48 ویں میچ میں افغانستان نے آسٹریلیا کے خلاف 21 رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔

سپر ایٹ مرحلے کے گروپ ون میں شامل دونوں ٹیمیں کنگسٹن میں مدمقابل تھیں جہاں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد افغانستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 149 رنز کا ہدف دیا تھا۔

افغانستان کے اوپنرز نے اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کرتے ہوئے 118 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، رحمت اللّٰہ گرباز 60 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔  افغانستان کی جانب سے ابراہیم زردان 51 اور کریم جنت 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، محمد نبی 10 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

افغانستان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بناسکی، آسٹریلیا کے پیٹ کمنز نے 3، ایڈم زیمپا نے 2 اور اسٹوئنس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

بعدازاں بیٹنگ کے بعد افغان بولرز نے بھی اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کر کے آسان دکھنے والے ہدف کو مشکل بنانے کی ابتدا کردی۔اس کے بعد بھی پورے میچ میں افغان بولرز نے شاندار بولنگ کی اور آسٹریلوی بیٹرز کو جم کر کھیلنے نہ دیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے سب سے زیادہ 59 رنز گلین میکسلویل نے بنائے جبکہ مچل مارش 12 اور مارکس اسٹوائنس 11 رنز بناسکے۔ان تین بیٹرز کے علاوہ کوئی اور آسٹریلوی بیٹر ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکا۔آسٹریلوی ٹیم 19.2 اوورز میں 127 رنز بنا سکی۔