افغان طالبان قطر میں ہونے والے مذاکرات کے تیسرے دور میں شرکت پر رضامند

دوحہ:افغان طالبان قطر میں ہونے والے مذاکرات کے تیسرے دور میں شرکت پر رضامند ہوگئے۔گزشتہ مرتبہ افغانستان پر اقوام متحدہ کے مذاکرات میں شرکت سے انکار کرنے والے افغان طالبان حکام اس ماہ قطر میں ہونے والے مذاکرات کے تیسرے دور میں شرکت کریں گے۔

افغانستان کے لیے غیر ملکی نمائندہ خصوصی کی کانفرنس میں طالبان حکومت کی شرکت گفتگو کے پہلے دور میں شرکت نہ کرنے اور فروری میں ہونے والے دوسرے دور میں شرکت سے انکار کی وجہ شکوک و شبہات کا شکار تھی۔حکومت کے ترجمان کاکہنا تھاکہ  امارات اسلامیہ کا وفد اگلی دوحہ کانفرنس میں شرکت کرے گا، وہ وہاں افغانستان کی نمائندگی کرتے ہوئے افغانستان کے موقف کا اظہار کریں گے۔دوحہ میں یہ مذاکرات 30 جون اور یکم جولائی کو ہونے والے ہیں۔

طالبان نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی ملاقات کی درخواست کی تھی۔گوتریس نے فروری میں ہونے والے مذاکرات کے بعد ایک بیان میں کہا تھا کہ کانفرنس میں شرکت کے لیے طے شدہ شرائط قابل قبول نہیں تھیں لیکن مندوبین کو امید ہے کہ طالبان حکام مستقبل کے اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔