عازمین کی سہولت، حج سیزن کے دوران پہلی بار سیلف ڈرائیونگ ایئر ٹیکسی سروس متعارف

ریاض:حج سیزن کے دوران پہلی بار سیلف ڈرائیونگ ایئر  ٹیکسی سروس متعارف کرادی گئی ہے۔  سعودی عرب میں حج سیزن میں یہ پہلی بار ہوا  ہے۔  ا  س کا مقصد عازمین کی سہولت ہے ۔ سعودی وزیر ٹرانسپورٹ انجینئر صالح بن ناصر الجاسر نے مکہ مکرمہ میں سیلف ڈرائیونگ ایئر ٹیکسی کے ٹرائل کا افتتاح کیا۔

پہلی بار متعارف کرائے گئے تجربے میں شامل اس ایئرٹیکسی سروس کی کئی خصوصیات ہیں، ان میں برقی نظام کے تحت چلنے والی ایئر ٹیکسی کو عمودی طور پر ٹیک آف کیا جا سکتا ہے۔ یہ طیارہ نما ٹیکسی دنیا کی پہلی ہوائی ٹیکسی ہے جسے سعودی عرب کے سول ایوی ایشن اتھارٹی میں شامل کیا گیا ہے۔

سیلف ڈرائیونگ ایئر ٹیکسی سروس عازمین حج کی مشاعر مقدسہ تک آمد ورفت کے لیے ایک انقلابی سروس ہے جو حجاج کی نقل وحرکت کے ساتھ طبی آلات کی نقل و حمل، سامان کی ترسیل اور لاجسٹک خدمات کی فراہمی میں مدد گار ہوسکتی ہے۔

ہوائی ٹیکسی کے تجربے کا آغاز نقل و حمل اور لاجسٹکس کے نظام کے اقدام کا حصہ ہے، یہ اقدام مستقبل کی جدید ترین نقل و حمل کی ٹیکنالوجیز کو لاگو کرنے، نئے اور جدید ماحول دوست نقل و حمل کے ماڈلز کو اپنانے، مصنوعی ذہانت کی ایپلی کیشنز پر انحصار کرنے اور جدید نقل و حمل کے شعبے کی پائیداری کے لیے مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کے حصول کی طرف پیش رفت کرنا ہے۔