مناسک حج کا آج سے آغاز ہو گیا

ْجدہ: مناسک حج کا آج 8 ذی الحجہ سے آغاز ہو گیا۔ منیٰ کی خیمہ بستی آباد ہونے لگی۔ سعودی مکاتب نے عازمینِ حج کو سورج کی تمازت سے بچانے کیلئے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کو بسوں کے ذریعے رہائش گاہوں سے منیٰ کی خیمہ بستی میں پہنچا نے کا آغاز کر دیا۔

 

ترجمان مذہبی امور کے  مطابق سعودی عرب میں آج جمعہ کے روز بیشتر عازمینِ حج وادی منیٰ میں خیمہ زن ہو جائیں گے جہاں وہ (فجر) ظہر، عصر ، مغرب اور عشاء کی نمازیں ادا کریں گے۔

 

عازمین حج کو 9 ذی الحجہ  کو علیٰ الصبح اور رات گئے منیٰ سے میدان عرفات مشاعر ٹرین کے ذریعے لے جایا جائے گا جہاں وہ خطبہ حج سننے کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کریں گے اور حج کا رکن اعظم وقوف عرفات  کریں گے اور اپنے رب کے حضور مناجات اور دعاؤں میں مشغول رہیں گے۔ مغرب کے وقت تمام حجاجِ کرام کو ٹرین کے ذریعے میدان عرفات سے مزدلفہ لے جایا جائے گا۔ یہاں پہنچ کر حجاجِ کرام مغرب اور عشاء کی نمازیں ادا کریں گے، 70 عدد کنکریاں  اکٹھی کریں گے اور آرام کریں گے۔

 

اگلے روز 10 ذی الحجہ کو نمازِ فجر کی ادائیگی کے بعد روشنی پھیلنے تک وقوف مزدلفہ    کریں گے اور مشاعر ٹرین کے ذریعے جمرات روانہ ہونگے۔ یہاں صرف بڑے شیطان کو 7 عدد کنکریاں ماریں گے اور قربانی کے اپنے مقام تک پہنچنے کے بعد حلق یا قصر کروا کر عام کپڑے زیب تب کریں گے۔

 

حجاجِ کرام 10 ذی الحجہ سے 12 ذی الحجہ کے دوران کسی بھی وقت طوافِ زیارت  اور سعی کریں گے۔ 11 اور 12 ذی الحجہ کو جمرات پر تینوں شیطانوں کو 7، 7 کنکریاں مارنے کے بعد مکتب کی ہدایات   کے مطابق یا تو بسوں کے ذریعے مکہ مکرمہ واپس آ جائیں گے یا 13 ذی الحجہ کی رمی کے بعد اپنی رہائش گاہوں پر واپس آ جائیں گے ۔ وطن واپسی سے قبل طواف وداع کریں گے۔

 

واضح رہے کہ پاکستانی حجاج کی وطن واپسی کیلئے پوسٹ حج پروازیں 20 جون سے شروع ہوں گی۔ ترجمان کے مطابق سعودی مکاتب نے سرکاری عازمینِ حج کی رہائش گاہوں پر منی میں داخلے کیلئے نسک کارڈ، ٹرین ٹکٹ  کی تقسیم مکمل کر لی ہے ۔ نیز پاکستان حج مشن نے قربانی کے پیسے جمع کروانے والے عازمین  کو رہائشوں پر نوٹس  اور پاک حج موبائل ایپ پر نوٹیفکیشن کے ذریعے 10 ذی الحجہ کو ظہر اور عصر کے درمیان قربانی  ہونے سے متعلق اطلاع دیتے ہوئے ہدایت دی کہ نماز عصر کے بعد احرام کی پابندیوں سے باہر آئیں گے۔شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد حجاج قربانی کریں گے اور احرام کھول دیں گے۔ 11اور 12ذی الحجہ کو حجاج منیٰ میں قیام اور رمی کریں گے۔ 12ذی الحجہ کو مغرب سے قبل حجاج منیٰ سے نکل جائیں گے۔