آزادی مارچ کیس: عمران خان، شاہ محمود, شہریار آفریدی و دیگر مقدمے سے بری

اسلام آباد: اسلام آباد کی مقامی عدالت نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور توڑ پھوڑ کی دفعات کے تحت 2022 میں درج مقدمے میں بانی پی ٹی آئی اور دیگر کو بری قرار دے دیا ہے۔ نو مئی کے مقدمے میں شہریار آفریدی کو بھی بری قرار دے دیا ہے۔

 

جوڈیشل مجسٹریٹ ملک محمد عمران نے بریت کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے آزادی مارچ کے حوالے سے تھانہ آئی نائن میں درج مقدمے میں بانی پی ٹی آئی، شیخ رشید احمد، شاہ محمود قریشی، صداقت عباسی، علی نواز اعوان اور دیگر ملزمان کو مقدمے سے بری قرار دیا۔

 

عدالت ے نو مئی واقعات پر تھانہ آئی نائن میں درج مقدمے میں شہریار خان آفریدی اور نامزد پی ٹی آئی ورکرز کو بھی بری قرار دے دیا۔ پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی اور پی ٹی آئی ورکرز پر نو مئی کو جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

 

بانی پی ٹی آئی عمران خان و دیگر کی جانب سے سردار محمد مصروف خان ایڈووکیٹ ،علی بخاری ایڈووکیٹ، آمنہ علی ودیگر نے دلائل دیئے تھے۔