190 ملین پاونڈز کیس: پی ٹی آئی وکلا کی غیر حاضری،سماعت بغیر کارروائی 4 جون تک ملتوی

اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاونڈز ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی 4 جون تک ملتوی کردی گئی۔

 

ریفرنس پر سماعت احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔سماعت کے دوران بانی چیئرمین پی ٹی ائی اور بشری بی ںی کو عدالت پیش کیا گیا ۔ملزمان کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر عدالت پیش ہوئے ۔

 

مرکزی وکلاء کی عدالت میں عدم حاضری پر پی ٹی آئی وکلاء نے درخواست دائر کی، درخواست میں موقف اپنایا کہ ہمارے وکلاء پر اسلام آباد میں دہشتگردی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے اس لیئے وہ آج پیش نہیں ہوئے۔

 

ملزمان کے مرکزی وکلاء کی عدم حاضری پر عدالت نے استفسار کیا کہ وکلاء گرفتار تو نہیں ہوئے، پھر حاضر کیوں نہیں ہوئے ہیں؟ جس پر بانی پی ٹی آئی کے وکلاء اظہر صدیق، شعیب شاہین و دیگر کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی درخواست میں موقف اپنایا کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کے وکیل عثمان گل پر دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

 

اس موقع پر وکلاء صفائی نے عثمان گل پر دہشت گردی کا مقدمہ بھی عدالت میں پیش کیا۔گواہوں پر جس وکیل نے جرح کرنی ہے ان پر دہشت گردی کا مقدمہ بنا دیا گیا ہے انھوں نے ہی اس ریفرنس کا دفاع کرنا ہے۔

 

مرکزی وکلاء کی عدم حاضری کے باعث آج استغاثہ کے 9 گواہان پر جرح بھی نہ ہو سکی۔