خیبرپختونخوا: بجلی لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج، شہریوں نے گرڈ سٹیشن سے خود علاقے کی بجلی بحال کر دی

پشاور: خیبرپختونخوا میں بجلی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس کے باعث پشاور میں عوام سراپا احتجاج ہے۔ احتجاج کے دوران عمائدین علاقہ نے گرڈ سٹیشن سے خود علاقے کی بجلی بحال کردی۔

 

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی تنہبہ کے باوجود لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس کے خلاف شہری پشاور میں احتجاج کر رہے ہیں۔

 

ایم پی اے فضل الٰہی کی قیادت میں مظاہرین ہزار خوانی گرڈ سٹیشن کے باہر جمع ہوگئے، پولیس حکام کی موجودگی میں عمائدین علاقہ نے گرڈ سٹیشن کے اندر جا کر خود علاقے کی بجلی بحال کردی۔

 

پشاور کے شہری علاقوں میں 8سے 10جبکہ مضافات 20، 20گھنٹے بجلی بند رہتی ہے، شدید گرمی کے دوران بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ بندش سے لوگ نڈھال اور معمولات زندگی درہم برہم ہیں۔