بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل میں مکمل سیکیورٹی کے لیے دائر درخواست نمٹا دی گئی

 

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل میں مکمل سیکیورٹی کے لیے دائر درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔

 

لاہور ہائیکورٹ میں  بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل میں سکیورٹی کیلئے درخواست پر دوبارہ سماعت ہوئی، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد احمد خان نے افضال عظیم پاہٹ کی درخواست پر سماعت کی۔

 

چیف جسٹس نے وکیل سے استفسار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی سیکیورٹی سے متعلق آپ کے خدشات اہم ہیں، آپ کی باتیں ہوا میں نہیں، اللہ ہمارے ملک کی بہتری کرے۔

 

درخواست گزار کے وکیل  نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی اسی نوعیت کی درخواست زیر سماعت ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ والی درخواست کو ہی جاری رکھنا چاہتے ہیں۔

 

چیف جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحق کی جانب سے عدالت کی درست معاونت کرنے پر تعریف کی۔جسٹس ملک شہزاد نے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل اچھا کام کر رہے ہیں۔

 

واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر لاہور میں بانی تحریک انصاف (پی آئی ٹی) کو جیل میں مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے دائر درخواست پر سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحٰق نے عدالت کو سیکیورٹی انتظامات سے آگاہ کیا تھا۔

 

آج سماعت کے دوران وکیل درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ ایسی ہی ایک درخواست بشری بی بی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کر رکھی ہے اس لیے ہم وقتی طور پر یہ درخواست واپس لے رہے ہیں۔

 

بعد ازاں عدالت نے عمران خان کی سیکیورٹی کے حوالے سے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔

یاد رہے کہ درخواست تحریک انصاف لائیرز فورم کے صدر افضال عظیم کی جانب سے 28 مارچ کو دائر کی گئی تھی جس میں وفاقی حکومت اور ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو فریق بنایا گیا تھا۔

 

درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ جیل حکام نے سکیورٹی خدشات کے باعث بانی پی ٹی آئی کی ملاقاتوں پر پابندی لگا رکھی ہے ، بانی پی ٹی آئی کی زندگی کو جیل میں خطرہ ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ بانی پی ٹی آئی کی زندگی کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔