پیوٹن کی کامیابی اور دنیا

روس کے مختلف ریجنز اور یوکرین کے الحاق شدہ علاقوں میںصدارتی انتخابات کا تین روزہ عمل اتوارکو مکمل ہو گیا جس کے نتائج کے مطابق اکہتر سالہ ولا دیمیر پیوٹن نے پانچویں بار صدارتی انتخابات میں واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کر لی ہے یہ کامیابی ممکن ہے چند ایک ممالک کے لیے غیر متوقع ہو مگر روسی شہریوں کی توقعات کے عین مطابق ہے ووٹروں نے پیوٹن کی پالیسیوں پر ایک بار پھر اعتماد کیا ہے جس کے نتیجے میں وہ روس کے صدر کی حیثیت سے مزید چھ برس یعنی 2030 تک صدارتی فرائض سرانجام دینے کے قابل ہوچکے ہیں اگر طویل عرصہ حکمرانی کے حوالہ سے دیکھیں تو روس کی دو سو سالہ تاریخ میں جوزف اسٹالن کے بعد طویل عرصہ حکمرانی کرنے ولے پہلے ر ہنما بن گئے ہیں یہ ایک منفرد ریکارڈ اُن کے حصے میں آیاہے پیوٹن 1999میں پہلی بار صدر کی حیثیت سے اقتدار میں آئے جس کے بعد سے مسلسل منتخب ہورہے ہیں حالیہ صدارتی انتخاب میں ووٹرز کا ٹرن آئوٹ 67 فیصد رہا جس سے عیاں ہے کہ شہریوں نے ووٹ ڈالنے کے عمل میں بھرپور حصہ لیا صدرمنتخب ہونے کے لیے امیدوار کو پچاس فیصد سے زائد ووٹ حاصل کرنا ضروری ہے حالیہ انتخاب میں پہلی بار آن لائن ووٹنگ کی سہولت بھی دی گئی مدمقابل تین امیدوار وں کو پیوٹن نے بھاری اکثریت سے پچھاڑ دیا پیوٹن جنھیں گزشتہ الیکشن میں ڈالے گئے ووٹوں کا 76فیصد ملا حالیہ انتخابی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ اُن کی مقبولیت میں کمی کی بجائے اضافہ ہواہے اسی لیے 87 فیصد سے زائد ووٹ لینے میں کامیاب ہوئے بھاری اکثریت سے جیت پر نو منتخب صدر خوش ہیں اور شہریوں کا شکریہ ادا کیاہے حالیہ نتائج سے ایک بار پھر تصدیق ہوئی ہے کہ شہریوں کی اکثریت اپنے ملک کی عظمت رفتہ بحال کرنے کے لیے پیوٹن کی حکمتِ عملی کو پسند کرتے ہیں حالیہ انتخابات سے یہ بھی عیاں ہو گیا ہے کہ بیرونی تعلقات کے حوالے سے روس کی پالیسی میں کسی قسم کی تبدیلی آنے کا کوئی امکان نہیں اور چین کے اشتراک سے امریکہ کے لیے چیلنج بننے کی روش پر گامزن رہے گا۔

پیوٹن کی کئی ایک ایسی پالیساں ہیں جنھیں سراہا نہیں جا سکتا انھوں نے مخالف امیدواروں کے خلاف جائز و ناجائز حربے آزمائے اہم اپوزیشن رہنما الیکسی نوالنی گزشتہ ماہ آرکٹک کی ایک جیل میں پُراسرار طور پر جاںبحق ہو گئے جن کے ہزاروں حامی ابھی تک غم و غصے سے مشتعل ہیں حالیہ انتخاب کے دوران انھوں نے پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹ ضائع کرکے علامتی احتجاج کیااور محض چندایک ہی نے پیوٹن کے مخالف امیدواروں کو ووٹ دیا مگر ہزاروں ووٹروں کی طرف سے علامتی احتجاج کے طور پر ہی سہی ووٹ ضائع کرنے کے عمل سے پیوٹن کی جیت بھاری اکثریت سے یقینی ہوئی لیکن حالیہ جیت میں ایک اور حکمتِ عملی کو بھی مکمل طور پر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کہ نو منتخب صدر کے تمام بڑے حریف یا تو موت کا شکار ہو چکے ہیں کچھ قید میں ہیںجبکہ بقیہ روس میں عرصہ حیات تنگ ہونے کی بناپرجلاوطنی کی زندگی گزارنے پرمجبور ہیں اِن حالات کی روشنی میں جیت کے بارے میں کسی کو کوئی شک ہی نہیں رہا تھا فوج کو افرادی قوت مہیا کرنے والے واگنر گروپ کے سربراہ کو بھی دوران پرواز نشانہ بنا کر حرفِ غلط کی طرح مٹا دیا گیا اِس بارے میں اکثر واقفان کا کہنا ہے کہ طیارے کو زمین سے نشانہ بنا کر تباہ کیا گیا جس کی بنا پر پیوٹن کے صدارتی کردار کو بے داغ نہیں کہہ سکتے مگر ذہن میں رکھنے والی بات یہ ہے کہ کوئی بھی انسان بخوشی اقتدار سے دستکش نہیں ہوتا بلکہ اقتدار و اختیار پاس رکھنے کے لیے ہاتھ پائوں مارنا انسانی جبلت میں شامل ہے مگر حریف کی جان لینا، بے گناہ کو پابندِ سلاسل رکھنا یا جلاوطنی اختیار کرنے پر مجبور کر دینا بیمار ذہنیت کی عکاس ہے شاید یہ سفاکی پیوٹن کو کے جی بی سے ورثے میں ملی ہے ماضی میں وہ اس ادارے کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔ اسی لیے رویے میں لچک کی کمی ہے اور وہ ہر بات پر نہ صرف اڑ جاتے ہیں بلکہ اپنی بات منوانے کے دوران کسی نقصان کی بھی پرواہ نہیں کرتے بظاہر لگتا ہے کہ انھیں اپنے رویے کی سختی کا احساس نہیں اور وہ اِس پر ہی خوش ہیں کہ نہ صرف پانچویں بار ریکارڈ ووٹوں سے کامیابی حاصل کر لی ہے بلکہ طویل حکمرانی میں اسٹالن کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے اندازہ ہے کہ مستقبل میں وہ روس کے بیرونی کردار کو وسعت دینے کی کوششیں جاری رکھیں گے اور اِس دوران نئے محاذ بھی کھولنے سے دریغ نہیں کریں گے اب بھی صدارتی دوڑ میں شامل تمام امیدوار ماسکو حکومت کی پالیسیوں کے حامی نظر آئے اور کوئی ایک بھی کیوں عوامی حلقوں میں پیوٹن کی پالیسیوں پر تنقید کا حوصلہ نہیں کر پایا؟ عوامی نفرت کا خدشہ دامن گیر رہا یا ماسکو حکومت کے عتاب کا خطرہ مول لینے کی کوئی جرأت نہیں کر سکا؟ ایک بات طے ہے کہ پیوٹن کی ملک پر مضبوط گرفت ہے اور مقبولیت کے حوالے سے انھیں کوئی چیلنج درپیش نہیں۔

روسی صدر کی کامیابی پر دنیا کا ردِ عمل ملا جلا ہے روس کے حامی ممالک کامیابی پر خوش ہیں کیونکہ پالیسیوں کا تسلسل قائم رہنے کی اُمید ہے تو ناخوش ممالک کی بھی کمی نہیں خاص طور پر یورپ اور یوکرین کے لیے یہ کامیابی ڈرائونا خواب ہے کیونکہ اُنھیں خدشہ ہے کہ پیوٹن کی اقتدار پر مضبوط گرفت سے روس و یوکرین تصفیے کی امیدیں دم توڑ سکتی ہیں نیز روس کا موقف مزید سخت اور بے لچک ہو سکتا ہے ابھی رواں ماہ ہی روس کی طرف سے جوہری جنگ کے امکان کا اشارہ دیاجا چکا ہے یورپی اقوام کو مستقل خوف میں زندگی بسر کرناقابلِ قبول نہیں ہو سکتا اسی لیے یوکرین جنگ میں روس کی مخالفت میں سبھی متحد ہیں یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی جو ایک سابق اداکار ہیں اس نے روسی انتخابات کو دھوکہ دہی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نومنتخب صدر ایک آمر اور اقتدار کے نشے میں دھت شخص ہے جس نے جعلی انتخاب جیتا غصے کی شاید ایک وجہ یہ ہے کہ صدارتی انتخاب میں پہلی بار خیرسون اور ڈومینسک و دیگر ایسے علاقوں میں بھی ووٹنگ کرائی گئی جن پر روس نے یوکرین سے جنگ کے دوران قبضہ کر لیا ہے برطانوی وزیرِ خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے بھی نتائج کو آزادانہ و منصفانہ تسلیم کرنے کی بجائے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین کی سرزمین پر غیر قانونی ووٹنگ کرائی گئی۔

امریکہ بھی روس میں ایسی تبدیلی کا خواہاں ہے جویورپ اور اُس کے لیے کسی قسم کے خطرے کا باعث نہ ہو اسی لیے عمررسیدہ پیوٹن کے ذہنی توازن پر سوالات اُٹھائے جاتے ہیں مگر عمررسیدہ کہتے ہوئے امریکی قیادت یہ بھول جاتی ہے کہ وہ خود بھی کوئی نوجوان نہیں بلکہ پیوٹن سے بھی عمررسیدہ ہے امریکہ کے موجودہ صدر جو بائیڈن 81سالہ ہیں وہ روسی ہم منصب کو قاتل، آمر، قصائی، جنگی مجرم کا لقب دینے کے بعد اب ٹھگ کہہ چکے ہیں علاوہ ازیں رواں برس پانچ نومبر کو اُن کا مقابلہ 77 سالہ حریف ڈونلڈ ٹرمپ سے ہے جن کی کامیابی کے امکانات روشن ہیں اسی لیے پیوٹن کو عمررسیدہ کہنے میں نفرت کے جذبے کے علاوہ کچھ اور سمجھ نہیں آتا اقتدار کسے دینا ہے اور کسے نہیں یہ فیصلہ کرناکسی بیرونی قوت کا نہیں بلکہ روس کے ووٹروں کا کام ہے بہتر یہی ہے کہ صدارتی انتخابی نتائج پر تبصرے کرنے اور ہدفِ تنقید بنانے کی بجائے امریکہ، برطانیہ اور یورپ دنیا کو پُرامن بنانے میں کردار ادا کریں اگر ایسا نہیں کیا جاتا بلکہ محاذ آرائی بڑھانے میں دلچسپی لی جاتی ہے تو روس اپنے اتحادی چین کے ساتھ مل کر زیادہ سخت اقدامات کر سکتا ہے یوکرین جنگ کی وجہ سے لگنے والی پابندیوں کا سامنا وہ کر چکا اِس لیے مزید سخت اور جاحانہ اقدامات سے مخالف ممالک کو پریشان کرنے کا عمل جاری رکھ سکتا ہے حالیہ انتخابات میں واضح اکثریت پیوٹن کو روسی عوام میں حاصل مقبولیت کی تصدیق ہے جب تک عوامی مقبولیت حاصل ہے بیرونی تبصروں یا ہرزہ سرائی سے اُنھیں مقاصد کے حصول سے ہٹایا نہیں جا سکتا۔