نومنتخب صدر آصف زرداری کی حلف برداری آج ہوگی،چیف جسٹس سپریم کورٹ حلف لیں گے

اسلام آباد: نومنتخب صدر آصف علی زرداری کی حلف برداری آج شام 4 بجے ایوان صدرمیں ہوگی، چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نومنتخب صدر سے حلف لیں گے۔گزشتہ روز پاکستان پیپلزپارٹی کے آصف زرداری بھاری اکثریت سے ملک کے چودہویں صدر منتخب ہوئے تھے، آصف زرداری نے 411 جبکہ ان کے مدمقابل اپوزیشن امیدوار محمود خان اچکزئی نے 181 الیکٹورل ووٹ حاصل کرپائے تھے۔

گزشتہ روز ہونے والی ووٹنگ میں آصف زرداری نے پارلیمنٹ سے 255 ووٹ لیے جبکہ محمود اچکزئی 119 ووٹ لے سکے، آصف زرداری کو پنجاب اسمبلی سے 43 الیکٹورل ووٹ ملے جبکہ محمود اچکزئی پنجاب اسمبلی سے 18 ووٹ حاصل کر پائے۔سندھ اسمبلی سے آصف زرداری نے 58 ووٹ لیے اور محمود اچکزئی صرف 3 ووٹ لے پائے۔خیبر پختونخوا اسمبلی سے آصف زرداری نے 8 ووٹ لیے جبکہ محمود اچکزئی نے 41 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔بلوچستان اسمبلی سے آصف زرداری نے 47 ووٹ لیے جبکہ محمود اچکزئی کوئی ووٹ حاصل نہ کر سکے۔