آئی ایم ایف نئی کابینہ کی تشکیل کے بعد دوسرے اقتصادی جائزے کیلئے مشن بھیجنے کو تیار

واشنگٹن: آئی ایم ایف کا  کہنا ہے کہ پاکستان کی نئی کابینہ کی تشکیل کے فوراً بعد دوسرے اقتصادی جائزے کیلئے مشن بھیجنے کو تیار ہے۔

 

آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر کمیونیکیشن جیولی کوزیک نے واشنگٹن میں پریس بریفنگ  میں کہا کہ پاکستان کے ساتھ موجودہ اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کی تکمیل ترجیح ہے، معاشی استحکام کو یقینی بنانے کیلئے پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ پالیسیوں پر کام کرنے کے منتظر ہیں۔ پاکستانی عوام کی بھلائی کیلئے معاشی استحکام کی خاطر حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔

 

ڈائریکٹر کمیونیکیشن نے مزید کہا کہ فی الحال توجہ موجودہ اسٹینڈ بائی پروگرام کی تکمیل پر ہے، جو اپریل 2024ء میں ختم ہو رہا ہے۔3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت پاکستان کو 1.9 ارب ڈالر مل چکے ہیں۔

 

اس موقع پر  آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر کمیونیکیشن کا پاکستان کی سیاسی صورت حال پر تبصرے سے گریز  کرتے ہوئے  کہا کہ نگراں حکومت نے مالی اہداف پرعمل کرتے ہوئے معاشی استحکام برقرار رکھا۔ نگراں حکومت میں مہنگائی کنٹرول کیلئے سخت مالیاتی پالیسی برقرار رہی۔ حکام نے سماجی تحفظ یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے۔