عبد العلیم خان کی این اے 117سے کامیابی کا نوٹیفکیشن اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

اسلام آباد: استحکام پاکستان پارٹی کے عبد العلیم خان کی این اے 117سے کامیابی کا نوٹیفکیشن اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔

تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ایڈووکیٹ علی اعجاز بٹر نےعلیم خان کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔

 

درخواست گزار  نے  استدعا کی کہ  9 فروری کو جاری شدہ فارم 47 کو کالعدم قرار دیا جائے  اور تمام امیدواروں کی موجودگی میں رزلٹ مرتب کرنے کا حکم جاری کیا جائے،15 فروری کو جاری کیا گیا علیم خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے۔

 

درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ تمام امیدواروں کی موجودگی میں رزلٹ مرتب کرنے کا حکم جاری کیا جائے، عدالت الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ افسر سے متعلقہ ریکارڈ بھی طلب کرے۔

درخواست میں الیکشن کمیشن ، آر او اور دیگر امیدواروں کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔