عام انتخابات 2024 میں ووٹر ٹرن آؤٹ میں پنجاب سرفہرست ، بلوچستان سب سے نیچے رہا: گیلپ

 

اسلام آباد: عام انتخابات 2024 میں ووٹر ٹرن آؤٹ تقریباً 48 فیصد رہا جو گزشتہ عام انتخابات کے مقابلے میں 3 فیصد کم ہے۔ صوبہ پنجاب میں سب سے زیادہ ٹرن آؤٹ 52 فیصد رہا جب کہ بلوچستان میں صرف 35 فیصد ووٹرز نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

 

گیلپ پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ووٹرز ٹرن آؤٹ کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ تمام صوبوں میں ووٹرز ٹرن آؤٹ میں کمی دیکھی گئی۔ صوبہ پنجاب کو ووٹرز ٹرن آؤٹ میں پانچ فیصد (56-51 فیصد)، سندھ میں سات فیصد (49-42 فیصد) اور خیبر پختونخوا میں تین فیصد (43 فیصد-40 فیصد) کمی کا سامنا کرنا پڑا۔

 

 

رپورٹ کے مطابق عام انتخابات 2024 میں خواتین ووٹرز کا ٹرن آؤٹ مردوں کے مقابلے 9 فیصد کم رہا۔ عام انتخابات 2018 میں صنفی فرق 10 فیصد تھا جس کا مطلب ہے کہ خواتین ووٹرز کے ٹرن آؤٹ میں بھی کمی کے باوجود مرد اور خواتین ووٹرز کے ٹرن آؤٹ میں فرق ایک فیصد کم ہوا ہے۔ صنفی فرق خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ (15 فیصد) تھا۔ تاہم عام انتخابات 2018 کے مقابلے میں یہ فرق 4 فیصد کم ہوا ہے جب یہ فرق 19 فیصد تھا۔ مزید برآں، عام انتخابات 2018 کے مقابلے میں بلوچستان میں صنفی فرق میں 2 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

 

 

گیلپ کی رپورٹ کے مطابق عام انتخابات 2024 میں تھرپارکر، بھکر اور بہاولپور سب سے زیادہ ٹرن آؤٹ والی نشستیں تھیں، اسی طرح وزیرستان، خیبر اور حیرت انگیز طور پر کراچی جنوبی کی نشستوں میں سب سے کم ٹرن آؤٹ دکھایا گیا۔

 

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مسترد شدہ ووٹوں کا رجحان عام انتخابات میں تشویش کا باعث بنا ہوا ہے۔ عام انتخابات میں مجموعی طور پر 2.8 فیصد ووٹ مسترد ہوئے۔ مسترد شدہ ووٹ سندھ اور بلوچستان میں زیادہ تھے۔ 2018 میں مسترد ووٹوں کی تعداد کل کا 3.13 فیصد تھی جس کا مطلب ہے کہ 2024 کے عام انتخابات میں مسترد ووٹ پچھلے انتخابات سے کم ہیں۔

 

گیلپ کی رپورٹ کے مطابق عام انتخابات میں تین بڑی جماعتوں کے ووٹ شیئر پاکستان تحریک انصاف کو 31 فیصد، پی ایم ایل این کو 24 فیصد اور پیپلز پارٹی کو 14 فیصد ووٹ ملے۔ پنجاب میں تین بڑی جماعتوں کے ووٹ نے تقریباً اپنا حصہ برقرار رکھا۔

 

انتخابات میں مقابلہ ہوا یا نہیں؟ رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ پنجاب میں زیادہ تر حلقوں میں فاتح اور رنر اپ کے درمیان جیت کا فرق کم تھا۔ سندھ اور خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ نشستوں پر فتح کا مارجن زیادہ رہا۔

 

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عام طور پر ووٹرز انتخابات کے بارے میں پرجوش تھے,  کیونکہ ووٹروں کا خیال تھا کہ انتخابات ملک کی حالت کو بہتر بنانے میں مدد کریں گے.

 

گیلپ کی رپورٹ کے مطابق انتخابات کے دن اور انتخابات کے ایک دن بعد رائے دہندگان کی رائے ظاہر کرتی ہے کہ ووٹرز کی ایک قابل ذکر اکثریت (87 فیصد) عام انتخابات کے انتخابی عمل کو آزادانہ اور منصفانہ قرار دیتے ہیں۔

 

رپورٹ کے مطابق اسی طرح انتخابی عملے کی غیر جانبداری بھی گزشتہ تین انتخابات کی طرح تھی۔ ووٹنگ کے دن ووٹرز چاہتے تھے کہ انتخابات استحکام اور اتفاق رائے کا باعث بنیں۔ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابات کے بعد اپنے اختلافات کو ایک طرف رکھ کر مل کر کام کرنا چاہیے.