ایرانی اشتعال انگیزی اور پاکستان کا جواب

قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ریاستیں ہرحد تک جاتی ہیں اور یہ ایسا پہلو ہے جس پر کوئی بھی ریاست سمجھوتہ نہیں کر سکتی بلوچستان کی شہری آبادی پرایران کا میزائل حملہ نہ صرف پاکستانی فضائی حدودکی خلاف ورزی اور قومی سلامتی پرحملہ ہے بلکہ یہ واقعہ ایک آزاد و خود مختار ملک کو اشتعال دلانے کی احمقانہ کوشش اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے بھی منافی ہے ایرانی کارروائی سے کسی دہشت گردکو نقصان نہیں پہنچا البتہ دو بچے شہید اور تین بچیاں زخمی ہوئی ہیں بلاشبہ یہ نرم سے نرم الفاظ میں بھی ایسی اشتعال انگیزی ہے جس سے اچھی ہمسائیگی کا تاثر مجروح ہوا ہے جسے کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا اگر اِس واقعہ کے عالمی اثرات پربات کریں تو ایرانی کارروائی سے دنیا کی نظریں فلسطینی ایشوسے ہٹ گئی ہیں اور اسرائیل کی جارحیت کی پردہ پوشی ہوئی ہے پاکستان ایک پُرامن ملک ہے مگر یہ تصور کر لینا کہ کسی کی اشتعال انگیزی کے باوجود اپنی بقاوسلامتی اورخو د مختاری بارے حکمتِ عملی ترک کردے گا ایسا سوچنا بھی غلط ہے ایران کی طرف سے فضائی خلاف ورزی اور معصوم بچوں کو نشانہ بنانے جیسے غیر ذمہ دارانہ اور احمقانہ اقدام کا موثر جواب بہت ضروری تھا آفرین ہے پاکستان کی عسکری قیادت پر، جس نے اڑتالیس گھنٹے کے اندرآپریشن مرگ برسرمچارکے تحت ایران کو نہ صرف منہ توڑ جواب دیا ہے بلکہ ایرانی علاقے سیستان میں ایسے نو دہشت گرد مارڈالے ہیں جن کے بارے ایرانی حکومتی خبررساں ایجنسی ارنا نے بھی تسلیم کیا ہے کہ مرنے والے ایرانی شہری نہیں بلکہ غیر ملکی ہیں۔

ایران کی طرف سے فضائی حدودکی خلاف ورزی کی پاداش میں پاکستان نے ردِ عمل کے طورپر ایران سے اپنا سفیر واپس بُلا لیا ہے جبکہ ایرانی سفیر جو اِس وقت اپنے ملک میں ہیں پاکستان آنے سے روک دیا ہے قیام پاکستان کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان نے ایران سے سفیر واپس بلانے کے ساتھ ایرانی سفیر کو ملک بدر کیا ہے جس کا ذمہ دارایران ہے عراق نے بھی ایران سے اپنا سفیر واپس بلالیا ہے اِس میں شائبہ نہیں کہ پاکستان کی عسکری قیادت قومی سلامتی بارے بہت حساس ہے حکومت نے ایرانی ناظم الامورکو دفترِ خارجہ بُلاکر احتجاجی مراسلہ تھما یاہے لیکن ایران کی دیدہ دلیری کا جلد اور موثر جواب ایسا سبق ہے جو اُسے کبھی نہیں بھولے گاشاید یہ 1988 کے بعد پہلا موقع ہے کہ کسی دوسرے ملک نے ایران کے اندر کارروائی کی ہے وگرنہ امریکہ اور نیٹو جیسی دفاعی قوتیں بھی اِس حد تک نہیں جا سکیںاگر نرمی کا مظاہرہ کیا جاتا تو تاک میں بیٹھے مشرقی ہمسائے کوبھی نیا گُل کھلانے کا بہانہ ملتا اسی لیے ایرانی اشتعال انگیزی کا جائزہ لیکر پاکستان کی طرف سے پوری قوت سے نتیجہ خیز کارروائی سے دنیا کو یہ پیغام ملا ہے کہ پاکستان اپنی قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے ذہن نشین رہے ایران نے اچھی ہمسائیگی چھوڑدی ہے تو پاکستان کی یک طرفہ امن پسندی پاکستانیوں کو نئے امتحان میں ڈال سکتی ہے اِس لیے محتاط رہنا ہی دانشمندی ہے۔

پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ لڑی ہے جس کے دوران نہ صرف ہزاروں سکیورٹی اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا بلکہ ہزاروں عام شہری بھی شہید ہوئے جبکہ اربوں کا مالی نقصان بھی برداشت کیا ایران پر پاکستان کے بے شمار احسانات ہیں جب دنیا پابندیاں لگا رہی تھی تو پاکستان اُس کی وکالت کر رہا تھا ایران کی طرف سے دہشت گردی کا بہانہ بنا کر کارروائی اور ہمسائے دوست ملک کی خود مختاری کو پامال کرنے کی جسارت تقاضا کرتی ہے کہ دندان شکن جواب ہی بہتر ہے لباس کے معاملے میں ایران کے طول و عرض میں مظاہرے اور احتجاج جاری ہے اِس دوران نہ صرف ایرانی سکیورٹی فورسز عام شہریوں کو مار رہی ہیں بلکہ مظاہرین بھی سکیورٹی فورسز پر حملے کرتے اور نقصان پہنچاتے ہیں جس سے ایرانی سکیورٹی فورسز سخت دبائو میں ہیں اِس کے باوجود پاکستان کو ترنوالہ سمجھنا ثابت کرتا ہے کہ ایران اچھی ہمسائیگی کے اصول یا تو جانتا نہیں یا پھر فراموش کر چکا ہے جو ازبر کرانے کے لیے ٹھوس اور نتیجہ خیز کارروائی ناگزیر ہے۔

کیا ایران کو معلوم نہیں کہ پاکستان ایک تسلیم شدہ جوہری طاقت ہے جس کاجدید ترین میزائل پروگرام نہ صرف اُسے دفاعی لحاظ سے خطے میں ممتاز کرتا ہے بلکہ ہتھیاروں گولہ بارود میں بھی کسی حد تک خود کفیل ہونے کے ساتھ طیارہ سازی کیطرف گامزن ہے؟ جس کی مسلح افواج کی مہارت کی دنیا معترف ہے گلوبل فائر پاور نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میںفوجی طاقت کی ریکنگ میں پاکستان کو د نیا کے پہلے دس ممالک میں 9ویں نمبر پررکھاہے یہ رپورٹ ساٹھ عوامل کا جائزہ لیکرتیارکی جاتی ہے جس میں افرادی قوت، فوجی سازوسامان، لاجسٹکس کی صلاحیت، مالیاتی استحکام اور تربیت کے معیارسرِ فہرست ہیں یہ عوامل کسی فوج کو مقابلے کے قابل بناتے ہیں جبکہ ایران محض افرادی قوت کے لحاظ سے رینکنگ میں پندرھویں مقام پر ہے اور پراکسی وار یقین رکھتا ہے جس پر اکثرممالک خفا ہیں جن میں اسلامی ملک بھی شامل ہیں پاکستان کی عسکری قیادت کو چاہیے کہ ایران اچھی ہمسائیگی ترک کر چکا تو راہ راست پر لانے کے لیے علاج کے طور پر مناسب جوابی کارروائی سے کبھی اجتناب نہ کرے۔

میزائل حملہ سے پاک ایران تاریخی تعلقات کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے یہ حملہ دوستی اور اچھی ہمسائیگی کے اصولوں کے خلاف ہے اگر کوئی مسئلہ تھاتو جنم لینے والے تنائو کو مخلصانہ بات چیت اور باہمی تعاون سے کم کیا جا سکتا تھاجس طرح ایران کے حکومتی عملداری سے محروم علاقوں میں مقیم دہشت گردوں کے بارے پاکستان آگاہ کرتا رہتا ہے اب بھی عدم تعاون سے تنگ آ کر پیچیدہ اور کامیاب آپریشن کیا گیا اور یہ ثابت کردیا کہ و ہ ایرانی سالمیت کا احترام کرتا ہے اور کسی ہمسائے سے مخاصمت نہیں چاہتا مگر ایرانی رہنمائوں کی طرف سے اشتعال انگیزی پر پشیمانی کے بجائے تندو تیز بیانات نے جلتی پر تیل کا کام کیاحالانکہ ایران کو پاکستان پر الزامات عائد کرتے ہوئے یہ ہرگز نہیں بھولنا چاہیے کہ بھارتی بحریہ کا حاضر سروس کمانڈر کلبھوشن یادیو ایرانی سرزمین کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں دہشت گردوں کو مالی و تکنیکی مدددے رہاتھا علاوہ ازیں بھارت نے فروری 2019 میںپاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تو پاکستان نے چوبیس گھنٹے کے اندر دوبھارتی طیارے مارگراکر ثابت کر دیا کہ وہ دشمن کی جارحیت نہ صرف روکنے پر قادر ہے بلکہ دندان شکن جواب دینے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے اِس تناظر میں ایرانی قیادت کی گیدڑ بھبکیوں کا کوئی جواز نہیں تھا یا شاید پاکستان کی دفاعی طاقت کا درست اندازہ نہیں یا پھر کسی بیرونی قوت کے اُکسانے یا اندرونی خلفشار سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے احمقانہ اقدامات سے خطے کا امن تباہ کرنے کی کوشش کر بیٹھا ہے عیاں حقیقت ہے کہ ایران کے اپنے تمام ہمسایہ ممالک سے تعلقات کشیدہ ہیں ارابیل پر ایرانی بمباری کے خلاف عراق نے تو اقوامِ متحدہ میں باضابطہ طور پر شکایت درج کرا دی ہے وہ شام میں بھی کارروائیاں کررہا ہے حوثی بھی اُسی کی سرپرستی میں دہشت گردانہ کارروائیوں سے یمن کو ایسی جنگ میں جھونک چکے ہیں جس کااب اختتام نظر نہیں آرہا اِس قدرمخدوش حالات کے باوجود پاکستان کے خلاف ایک نیا محاذ کھولنا کسی عالمی گریٹ گیم کو حصہ ہی ہو سکتا ہے جسے سمجھ کر عسکری قیادت کو توڑ کرنا چاہیے کیونکہ چاہے اسرائیل اور موساد کا نام لیاجائے پھربھی پاکستان کی آزادی و خومختاری کی پامالی کی کسی کو ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔

کچھ حلقوں کاکہنا ہے کہ ایران نے پاکستانی شہریوں کے خلاف کارروائی سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کی ہے بھارت نے میاں چنوں کے علاقے میں میزائل گرایا جسے تکنیکی غلطی کا شاخسانہ قرار دیکر معاملہ دبانے کی کوشش کی گئی پاکستان نے بھی نظرانداز کر دیا مگر دنیا میں بھارتی ہتھیاروں کے بارے جنم لینے والی تشویش ابھی تک ختم نہیں ہوئی اب ایران نے بھی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی آڑ میں پاکستان کی دفاعی صلاحیت جانچنے کی کوشش کی ہے کیونکہ ایرانی کارروائی میں بچے شہید اور زخمی ہوئے اگر یہ واقعی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی ہوتی تو بچے ہرگز نشانہ نہ بنتے علاوہ ازیں پاکستانی وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑنے میزائل حملے سے چند گھنٹے قبل سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیوس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ایرانی وزیرِ خارجہ حسین امیر عبداللہ یان سے ملاقات کی جوبہت خوشگوار رہی جس کا صاف مطلب ہے کہ دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات میں کوئی تنائو نہیں تھانہ ہی ایران کی طرف سے پاکستان سے کسی قسم کی شکایت کی گئی ایران کاحالیہ حملہ کوئی پہلی کارروائی نہیں بلکہ انقلابِ ایران کے بعد ایرانی رویہ مسلسل جارحانہ ہوتا جا رہا ہے اور ایرانی حکومتیں مسلسل بھارت کی ہمنوائی کرتی رہتی ہیں 90 کی دہائی میں او آئی سی کی کشمیر پر متفقہ طور پر پاس کی جانے والی متوقع قرارداد کو ایرانی وزیرِ خارجہ نے غیر حاضر ہو کر ہی سبوتاژ کیا اُس کے بعد او آئی سی میں اتفاق کی کبھی نوبت ہی نہ آسکی پھر بھی پاکستان نے بڑا ہونے کے ناتے ہمیشہ صبر وتحمل کا مظاہرہ کیااور ایران سے تعلقات میں بگاڑ نہ آنے دیابلکہ ایک سے زائد بار دونوں ممالک بات چیت سے عسکریت پسندوں کے خلاف مشترکہ حکمتِ عملی بھی اختیار کرتے رہے لیکن حالیہ واقعہ نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کے تحمل ،برداشت اور تعاون کا غلط مطلب لیا جا رہا ہے اگر ایسا نہ ہوتا تو ایرانی موقف کو ہمیشہ تحمل سے سننے اور سرحدی کارروائیوں میں تعاون کے عوض پاکستانی خودمختاری کو پامال کرنے کی ہر گز جسارت نہ کی جاتی اب وقت آ گیا ہے کہ اگر ایران بھائی چارے کی نزاکتوں کو فراموش کرتے ہوئے جارحانہ رویہ اختیار کر چکا ہے تو پاکستان بھی اُسے راہ راست پر لانے کے لیے مناسب تدابیر کرے اور مغربی سرحدوں کی نگرانی سخت کردے اشتعال انگیزی پر پاکستان کا جواب ایران مدتوں یاد رکھے گا۔