لاڑکانہ(جانب منزل نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کو ریلیف ملتا نظر آرہا ہے۔انہوں نے قومی سلامتی کی بہت بڑی خلاف ورزی کی۔ججز جوڈیشل انکوائری کرالیں۔ نواز شریف کا پہلے نعرہ تھا مجھے کیوں نکالا، اس الیکشن میں ان کا نعرہ ہوگا مجھے کیوں بلایا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ریلیف ملتا نظر آرہا ہے، پیپلز پارٹی سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتی، ہم اپنے مخالفین کے ساتھ بھی یہ سلوک نہیں چاہتے، مگر سائفر بہت سنجیدہ کیس ہے، جس کی پوری تحقیقات ہونی چاہئیں، یہ قومی سلامتی کی بہت بڑی خلاف ورزی ہے۔
بلاول نے کہا کہ عمران خان کو دیے گئے سائفر کا کوئی ریکارڈ نہیں، انہوں نے خود کہا کہ کھوگیا ہے، ان کی گرفتاری والے روز وہ عالمی میڈیا کو لیک ہوگیا، عدالت اسے بہت سنجیدگی سے لے، حکومت تحقیقات کرے یا ججز جوڈیشل انکوائری کریں کہ سائفر کے پیچھے کہانی کیا ہے۔
انتخابی اتحاد کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں پر اعتراضات ہوسکتے ہیں لیکن پی ٹی آئی سمیت کسی بھی جماعت کے سیاسی کارکن کو سیاست کرنے کی آزادی ہونی چاہیے، وہ پی پی پی میں شامل ہوکر سیاست کریں، پی پی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے سیاسی انتقام پر نہیں۔8 فروری کے بعد وزیر اعظم جیالا ہوگا جبکہ ہم عوامی حکومت بنائیں گے۔