شہری نے ایک کروڑ سے زائد کا آن لائن کھانا منگوا لیا، ریکارڈ قائم

ممبئی:  بھارت کے شہر ممبئی کے رہائشی نے رواں سال 2023 میں آن لائن کھانے پر غیر معمولی خرچہ کرکے ریکارڈ قائم کردیا۔

 

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایک بھارتی فوڈ ڈیلیوری سروس نے سالانہ رپورٹ جاری کی جس کا مقصد بھارت میں کھانوں کے رجحان اور ترجیحات کو معلوم کرنا تھا۔

بھارتی فوڈ  ڈیلیوری سروس اپنی سالانہ رپورٹ کا جائزہ کر کے خود حیران رہ گئی, بعد ازاں کھانے دینے والی سروس کی یہ رپورٹ سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آ گئی۔

 

فوڈ ڈیلیوری سروس کے مطابق ممبئی کے 1 صارف نے پورے سال میں بھارتی مالیت کے مطابق 42.3 لاکھ روپے (1 کروڑ 43 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) کے کھانے کے آرڈرز دیے۔

فوڈ ڈیلیوری سروس کی سالانہ رپورٹ کے مطابق انہیں سب سے زیادہ آرڈر بریانی کے موصول ہوئے جب کہ کیک، گلاب جامن اور پیزا کی ڈیمانڈ بھی زیادہ رہی۔

 

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان بقابلہ بھارت کرکٹ میچ کے دوران بریانی کی مقبولیت کو چار چاند لگ گئے تھے اور  چندی گڑھ کے ایک خاندان نے بیک وقت 70 پلیٹوں کا آرڈر دیا۔