اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کو پھانسی نہیں ہونے دیں گے۔ لندن اور امریکا میں مقدمہ دائر کریں گے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو پھانسی کے پھندے تک نہیں جانے دیں گے، ہم اس کے خلاف کھڑے ہوں گے ۔ ہم نے فیصلہ کیا یے کہ لندن میں عمران خان کے بیٹے سلیمان اور قاسم کیس کریں گے اور ایک کیس ڈونلڈ لو کے خلاف ہم امریکا میں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر جائیں گے، قانون کے اندر رہ کر کوشش کرینگے کہ عمران خان کو یہاں سے رہا کرایا جائے۔ خان صاحب نے ہزار بار بتایا کہ سائفر ایک پیغام تھا جو ڈونلڈ لو نے باجوہ کے لیے بھیجا۔ جنرل باجوہ کی جانب سے پاکستان کی عوام کی حکومت کو گرایا گیا۔ جب سے حکومت گئی نقصان پاکستان کی عوام کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔
علیمہ خان نے کہا کہ ہم کہتے تھے ہمارے ججز ایسا کام نہیں کریں گے جو جرم ہوگا۔ مجھے لگتا ہے عدالتی فیصلوں کی تمام سکرپٹ لکھی گئی ہے۔ یہ سائفر کیس عمران خان پر نہیں بلکہ پاکستانی عوام پر ہے – ایک منتخب حکومت گرائی ہمیں امید تھی کہ انصاف ملے گا لیکن ہمیں انصاف نہیں ملا لکھے ہوئے فیصلے آرہے ہیں۔