سائفر کیس: عمران خان اور شاہ محمود قریشی پر آج فرد جرم عائد کی جائے گی

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کےخلاف سائفر کیس میں آج فرد جرم عائد  کی جائے گی۔

 

آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین اڈیالہ جیل میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کیخلاف سائفر گمشدگی کیس کی سماعت کریں گے۔

 

گزشتہ سماعت میں ایف آئی اے کے اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقارعباس نقوی، بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود کے وکلا بھی عدالت میں موجود تھے۔عدالتی کارروائی کے سلسلے میں شاہ محمود قریشی کے اہلخانہ بھی عدالت پہنچے تھے۔ سماعت کے دوران عدالت نے وکلا صفائی کی جانب سے دائر 6 متفرق درخواستیں نمٹادیں۔

خصوصی عدالت کے جج نے کہا کہ جیل میں اوپن ٹرائل پر میڈیا کے معاملے پر بات کروں گا۔

 

تاہم سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود پر فرد جرم عائد نہ کی جاسکی اور اب عدالت نے فرد جرم کے لیے آج (13 دسمبر)کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے سماعت آج صبح تک ملتوی کردی تھی۔

 

واضح رہےکہ  بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کوکیس کی نقول فراہم کردی گئی تھیں۔ فراہم کردہ نقول میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو سائفر گمشدگی کیس میں قصور وار قرار دیا گیا۔   نقول میں سابق وزیر اعظم اور سابق وزیر خارجہ نے کیس کی نقول وصول کر کے دستخط بھی کیے۔

سائفر کیسشاہ محمود قریشیعمران خانفرد جرم