عمران خان کی نااہلی کے نتائج انتہائی تباہ کن ہیں : لطیف کھوسہ 

اسلام آباد : الیکشن کمیشن کی طرف سے عمران خان کو نااہل قرار دینے کے خلاف اپیل کی سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی عمران خان کے بغیر کچھ نہیں ۔20 دن میں الیکشن کا کہا گیا ہے ابھی انہیں ریلیف نہ ملا تو نتائج تباہ کن ہوں گے۔

 

اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل نے کہا کہ پانچ اگست کو ٹرائل کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں سزا سنائی ۔الیکشن کمیشن کو اتنی جلدی تھی کہ آٹھ اگست کو نااہلی کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔الیکشن کمیشن نے پانچ سال کے لیے نااہل قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔

 

لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ جس آرڈر کی بنیاد پر الیکشن کمیشن نے یہ نوٹیفکیشن جاری کیا وہ معطل ہو چکا ہے۔ الیکشن کمیشن نے 8 اگست کو چئیرمین پی ٹی آئی کو پانچ سال کے لیے نااہل قرار دیا۔پانچ اگست کے سزا کے فیصلے کی وجہ سے چیئرمین پی ٹی آئی کو نااہل کیا گیا۔

 

انہوں نے کہا کہ میں نے یہاں فیصلہ چیلنج کیا آٹھ اگست کو الیکشن کمیشن نے نااہل کر دیا۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ  آپ یہ کہہ رہے ہیں کہ سزا معطلی کے آپ کے آرڈر میں ترمیم ہو؟سردار لطیف کھوسہ نے نااہلی سے متعلق الیکشن کمیشن کا آرڈر پڑھا۔

 

سردار لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ میں کیوں کہہ رہا ہوں کہ فیصلے کو معطل کیا جائے۔ آٹھ فروری کو قومی انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ مجھے کہا گیا ہے کہ 20 روز میں انٹرا پارٹی الیکشن کروائیں۔چیئرمین پی ٹی آئی کے بغیر پی ٹی آئی کچھ نہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ فیصلہ معطل نہ ہوا تو چیئرمین پی ٹی آئی کے بنیادی حقوق متاثر ہوں گے۔  چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطل نہ ہوئی تو پولیٹیکل پارٹی متاثر ہو گی۔ اس کے نتائج انتہائی تباہ کن ہیں۔ انتخابات میں سب کو لیول پلیئر فیلڈ ملنی چاہئے۔  سب کو اپنا موقف لے کر عوام کے سامنے جانے کی اجازت ہونی چاہئے۔

تباہ کنعمران خانلطیف کھوسہ