بجلی کمپنی افسران کو مفت بجلی کے بجائے رقم دینے کی منظوری، انڈسٹریل سیکٹر کو رعایتی ٹیرف نہیں ملے گا

اسلام آ باد: وفاقی کابینہ نے بجلی کمپنیوں کے افسران کیلئے مفت بجلی دینے کے بجائے اس کی مد میں رقم دینے کی اسکیم کی منظور کر لی۔

 

ذ رائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے انڈسٹریل سیکٹر کو مو سم سر ما کے چار ماہ کیلئے بجلی کا رعایتی ٹیرف دینے کی تجویز مسترد کردی ۔ ذ رائع کے مطابق یہ سمری نگران وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کےاجلاس میں  منظوری کیلئےپیش کی گئی۔

 

 

مونا ٹائزیشن پالیسی کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں اور پیداواری کمپنیوں کے گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران کو مفت یونٹس کی بجائے رقم دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 

تقسیم کار کمپنیوں کے گریڈ 17کے افسر کو 450 ماہانہ مفت یونٹس کی بجائے 15ہزار 858 روپے، گریڈ 18 کے افسر کو ماہانہ 600 مفت یونٹس کی بجائے21 ہزار 996 روپے جبکہ گریڈ 19کے افسر کو ماہانہ 880مفت یونٹس کی بجائے 37ہزار 594 روپے دیئے جانے کی منظوری کی گئی ہے۔

 

مونا ٹائزیشن پالیسی کےمطابق  گریڈ 20 کے افسر کو 1100 یونٹس کی بجائے 46 ہزار 992 روپے اور ڈسکوز کے گریڈ 21 کے افسر کو 1300مفت یونٹس کی بجائے ماہانہ 55 ہزار536 روپے ملیں گے۔

 

دوسری جانب بجلی کی پیداواری کمپنیوں کے گریڈ 17 کے افسر کو ماہانہ 650 یونٹس کی بجائے 24 ہزار 570، گریڈ 18کے افسر کو ماہانہ 700 یونٹس کی بجائے 26 ہزار 460 روپے دیئے جائیں گے۔

 

جینکوز کے گریڈ 19 کے افسر کو ماہانہ ایک ہزار مفت یونٹس کی بجائے 42 ہزار 720روپے، گریڈ 20 کے افسر کو ماہانہ 1100یونٹس کی بجائے 46ہزار 992روپے اور گریڈ 21 کے افسر کو 1300یونٹس ماہانہ کی بجائے 55 ہزار 536 روپے دیے جائینگے۔

 

خیال رہے کہ اس سکیم کی منظو ری قبل ازیں کابینہ کی توانائی کمیٹی نے دی تھی جس کی توثیق وفاقی کا بینہ نے کی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سکیم کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

 

ذرائع کے مطابق کابینہ نے انڈسٹریل سیکٹر کو مو سم سر ما کے چار ماہ کیلئے بجلی کا رعایتی ٹیرف دینے کی تجویز مسترد کردی۔ پاور ڈویژن نے یہ تجویز ای سی سی کے اجلاس میں پیش کی تھی۔ ای سی سی نے اسے موخر کردیاتھا۔ یہ معاملہ کابینہ کے اجلاس میں زیر بحث آیا تو کابینہ نے اس تجویز کو مسترد کردیا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ آئی ایم ایف کی ٹیم نے کسی بھی قسم کی سبسڈی دینے سے منع کردیا ہےلہٰذا یہ تجویز قابل عمل نہیں ہے۔ کابینہ نے انڈسٹریل سیکٹر کو چار ماہ کیلئے بجلی کا رعایتی ٹیرف دینے کی  تجویز واپس لینے کی ہدایت کردی۔

Electricityfuel adjustmentGovernment Employeemoneyprice