سرمایہ کاروں کی موجیں،سٹاک مارکیٹ میں تیزی، 100 انڈیکس پہلی بار 54 ہزار سے اوپر بند

کراچی :سٹاک مارکیٹ میں تیزی کی وجہ سے سرمایہ کاروں کی موجیں ہوگئیں۔ 100 انڈیکس پہلی بار 54 ہزار سے اوپر بند ہوا۔
آج پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھا گیا اور ہنڈریڈ انڈیکس میں اضافہ ہوا ہے۔ گذشتہ روز بھی تاریخی اضافہ ریکارڈ کیاگیا تھا۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں آج  کاروبار کا مثبت رجحان رہا  اور 100 انڈیکس پہلی بار  54 ہزار  سے اوپر  بند ہوا۔پاکستان سٹاک ایکسچینج میں آج  کاروبار کے آغاز پر 100 انڈیکس 130 پوائنٹس اضافے سے 53 ہز ار 866 کی سطح پر پہنچ گیا۔

کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 525 پوائنٹس اضافے سے 54 ہزار  261 پر بند ہوا، 100 انڈیکس پہلی بار 54 ہزار سے اوپر بند ہوا ہے۔آج 100 انڈیکس نےتاریخ کی بلند ترین سطح 54 ہزار 419 بھی رقم کی۔کاروباری دن میں 100 انڈیکس 699 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا،  بازار میں آج 48 کروڑ 27 لاکھ شیئرز کا کاروبار ہوا۔

شیئرز  بازار کےکاروبار کی مالیت 20 ارب 12کروڑ روپے سے زائد رہی، مارکیٹ کیپٹلائزیشن 72 ارب روپے بڑھ کر 7820 ارب روپے رہی۔اس سے قبل منگل کا روز  بھی پاکستان سٹاک ایکسچینج کے لیے ایک شاندار اور تاریخی دن رہا  تھا جب کاروبار کے دوران 100 انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ کر  پہلی بار 54 ہزار کی حد عبور کرگیا تھا۔