اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت آج ہو گی۔
الیکشن کمیشن نے چیف الیکشن کمیشنر اور الیکشن کمیشن پر توہین آمیز ریمارکس کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے۔
ذرائع کے مطابق توہین الیکشن کمیشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر آج فردجرم عائد کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن نےسپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو 24 اکتوبر کو چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کو بھی 24 اکتوبر کو پیش کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے سپرٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو احکامات کی تعمیل کی ہدایت کی تھی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد کو چیئرمین پی ٹی آئی کی پیشی پر سیکیورٹی یقینی بنانے کا حکم نامہ بھی جاری کیا گیا تھا۔
ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کو سیکورٹی خدشات کے باعث آج پیش نہ کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کو عمران خان کو پیش نہ کیے جانے کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں فواد چوہدری کے وارنٹ بھی جاری کر رکھے ہیں۔