غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری، 2600 سے زائد فلسطینی شہید

 

غزہ: غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے،  اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 2600 سے زائد ہوگئی، اب تک ہزاروں فلسطینی زخمی جبکہ دس لاکھ سے زائد بے گھر ہوگئے۔

 

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے ڈھائی سو نہتے فلسطینیوں کو دھوکے سے شہید کر دیا گیا۔ غیر ملکی میڈیا نے اسرائیل کا ٖغزہ کے شہریوں کو علاقہ چھوڑنے کے لیے محفوظ راستہ دیے جانے کا جھوٹا پروپیگینڈا بھی بے نقاب کر دیا،  اسرائیل نے اپنی ہی دی گئی مہلت کےدوران نقل مکانی کرنے والوں پربارود برسا کر نہتے فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔

 

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی بمباری میں شہید اور زخمیوں سے غزہ کے اسپتال بھر گئے ہیں،  شہدا کی میتیں رکھنے کیلئے اسپتالوں کے مردہ خانوں میں جگہ کم پڑنے لگی، شہدا کی میتوں کو آئس کریم ٹرکوں اور ریفریجریٹر گاڑیوں میں رکھا جانے لگا۔

 

اسرائیلی بربریت سے اسپتالوں کو بھی امان حاصل نہ ہو سکی، صیہونی فضائیہ نے غزہ کے عرب نیشنل اسپتال پر بھی حملہ کردیا، اسرائیلی حملے میں کئی ڈاکٹر شہید ہوگئے جبکہ رفح کراسنگ میں موجود اسپتال کو بھی خالی کرنے کی دھمکی دے دی گئی۔

اسرائیل کی جانب سے اتوار کے روز حملوں میں حماس کمانڈر معیتازعید کو شہید کرنے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔

 

دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اسرائیل اور امریکا دونوں کو خبردار کیا ہے کہ فلسطین میں صورتحال بگڑی تو ایران خاموش تماشائی نہیں رہے گا۔

اسرئیلی بمباریاسرائیلحماسغزہفلسطین