پاکستان کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا، نسیم شاہ ورلڈ کپ سے باہر 

 

لاہور : پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کے دائیں کندھے میں چوٹ لگنے کے بعد ان کے ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کا امکان ہے۔ پی سی بی ڈاکٹرز کی دوسری رائے طلب کر رہا ہے لیکن دبئی میں کیے گئے اسکین ٹیسٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ انجری کے باعث وہ رواں برس آسٹریلیا کے دورے سے بھی باہر رہ سکتے ہیں۔

 

کرکٹ کی معروف ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق اگر سکین ٹیسٹ کے دوسرے نتائج ابتدائی نتائج سے مطابقت رکھتے ہوئے تو 20 سالہ نسیم کو کئی ماہ کھیل سے دور رہنا پڑے گا۔ اس کا مطلب ہے کہ اس سال کے آخر میں آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز میں ان کی شرکت شکوک و شبہات کا شکار ہے اور ساتھ ہی اگلی پی ایس ایل میں بھی ان کی شرکت مشکوک ہے۔

 

نسیم شاہ گزشتہ ہفتے ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف پاکستان کے دوسرے میچ کے دوران 46 ویں اوور کے وسط میں آؤٹ ہو گئے تھے اور اس کے فوراً بعد ہی ٹورنامنٹ سے بھی باہر ہو گئے تھے۔ انہیں کندھے کے بالکل نیچے پٹھوں میں چوٹ لگی تھی جس کی وجہ سے وہ ایشیا کپ کا سری لنکا کے خلاف اہم میچ بھی نہیں کھیل سکے تھے۔

 

نسیم شاہ کی ورلڈ کپ اور اس کے بعد آسٹریلیا میں ہونے والی سیریز میں عدم موجودگی پاکستان کے لیے بڑا دھچکا ثابت ہوگی۔ گزشتہ ایک سال کے دوران نسیم شاہ پاکستان کے لیے ریڈ بال اسپیشلسٹ سے آل فارمیٹ باؤلر بن گئے ہیں اور موجودہ فارم کے لحاظ سے نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف پاکستان کے بہترین کھلاڑی ہیں۔

 

توقع ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) چند دن میں ان کے دوسرے اسکین کے نتائج آنے کے بعد ورلڈ کپ میں ان کی شمولیت بارے باضابطہ فیصلہ کرے گا۔ ایشیا کپ میں ان کی جگہ زمان خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

 

ایشیا کپدھچکاکرکٹ ٹیمنسیم شاہورلڈ کپ