امریکا چیئرمین پی ٹی آئی  کو اقتدار سے ہٹانے والی کسی سازش میں ملوث نہیں: میتھیو ملر

 

واشنگٹن: ترجمان محکمہ خارجہ میتھیو ملر کا کہنا ہے کہ امریکا چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق پاکستانی وزیراعظم کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے کسی سازش میں ملوث نہیں ہے۔

 

واشنگٹن میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ پاکستان کے حوالے سے امریکا پر لگائے گئے الزامات جھوٹے ہیں اور جھوٹے رہیں گے۔

 

جب ان سے خفیہ کیبل کے حوالے سے خبر (غیر ملکی میڈیا میں شائع) پر تبصرہ کرنے کے لیے کہا گیا کہ امریکا نے پاکستان پر پی ٹی آئی کے سربراہ کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے دباؤ ڈالا تو ترجمان نے مبینہ کیبل پر تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستانی سفارت کاروں سے کی گئی نجی گفتگو  پر بات نہیں کر سکتے۔

 

میتھیو ملر نے کہا کہ میں یہ بات نہیں کرسکتا کہ یہ اصل پاکستانی دستاویز ہے یا نہیں۔ رپورٹ کیے گئے تبصروں کے حوالے سے، میں نجی سفارتی تبادلوں سے یہ کہنے کے علاوہ کوئی بات نہیں کروں گا، یہاں تک کہ اگر وہ تبصرے درست تھے جیسا کہ رپورٹ کیا گیا ہے، وہ کسی بھی طرح سے یہ ظاہر نہیں کرتے کہ امریکہ اس بارے میں کوئی موقف اختیار کر رہا ہے کہ لیڈر کون ہےیا پاکستان کا  لیڈر کس کو ہونا چاہیے۔

 

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت پاکستان سے نجی طور پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں، جیسا کہ ہم اس وقت کے وزیر اعظم کے یوکرین پر روس کے حملے کے دن ماسکو کے دورے پر عوامی سطح پر تشویش کا اظہار کیا تھا،  ہم نے اس تشویش کو بالکل واضح کر دیا ہے۔

 

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں جس میں انسداد دہشت گردی کے حوالے سے ہمارے تعلقات بھی شامل ہیں۔ ہم نے انسدادِ دہشت گردی، قانون نافذ کرنے والی دیگر سرگرمیوں میں مدد کے لیے متعدد امداد کے ذریعے پاکستان کی حمایت کی ہے، اور ہم ایسا کرتے رہیں گے۔

 

پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں میتھیو ملر نے کہا کہ ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ یہ معاملات پاکستانی عوام کو حل کرنا ہیں۔ ہمارا بنیادی اصول یہ ہے کہ ہم دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی جمہوری اصولوں، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کے احترام کا مطالبہ کرتے رہتے ہیں۔

AmericacypherImran Khanmethew millarNo Confidence MotionPMPrime MinisterPTI