ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں ڈینگی کی وبا پھیلنے لگی۔ اب تک ڈینگی سے 176 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں سے صرف 115 افراد جولائی کے 23 دنوں میں جان سے گئے ہیں۔ بنگلہ دیش میں حالیہ مون سون کے دوران جہاں دیگر بیماریوں میں اضافہ ہوا ہے وہیں مچھر سے پھیلنے والا ڈینگی وائرس تیزی سے بے قابو ہورہا ہے،ہسپتالوں میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی بھرمار ہے۔
اس حوالے سے بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے ماہرین صحت کا کہنا ہے ملک میں ڈینگی کی بیماری پہلے ہی عالمی وبا کے ہم مطابقت ہے البتہ حکومت نے اس حوالے سے باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے۔
بنگلہ دیش کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز کے مطابق ڈینگی وائرس سے 176 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جن میں 31 بچے بھی شامل ہیں، مرنے والوں میں ڈینگی بخار کی تشخیص ہوئی تھی۔ اس حوالے سے 19 جولائی کا دن سب سے زیادہ ہلاکت خیز رہا جس روز صرف ایک دن میں 19 افراد ڈینگی سے ہلاک ہوئے جب کہ رواں سال اب تک ڈینگی سے متاثر ہونے والے 33 ہزار افراد اسپتالوں میں داخل ہوئے۔
حکام کا کہنا ہےرواں برس ڈینگی بخار سے ہونے والی ہلاکتوں کی شرح الارمنگ صورتحال اختیار کرچکی ہے کیونکہ رواں سال ہلاکتوں کی شرح 0.53 فیصد ہے جو گزشتہ سال 0.45 فیصد تھی، گزشتہ سال بنگلہ دیش میں ڈینگی سے ریکارڈ 281 ہلاکتیں ہوئی تھیں تاہم رواں سال اب تک یہ ہلاکتیں 176 تک جا پہنچی ہیں۔