اسلام آباد : قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بین الپارلیمانوں اور بین الپارلیمانی یونین کے صدور کو خطوط ارسال کر دیئے ہیں۔
خطوط میں سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے حالیہ واقعہ پر تشویش کا اظہار کیاگیا ہے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور مذہبی جذبات کو مجروح ہونے سے روکنے کیلئے اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔ چیئرمین سینیٹ نے بین الپارلیمانی یونین کے اجلاس میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ کو ہنگامی ایجنڈا آئٹم کے طور پر شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اپنے خطوط میں لکھا عالمی امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے وسیع تر عالمی تعاون کی ضرورت ہے۔اس طرح کے واقعات دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے ناقابل برداشت تکلیف کا باعث ہیں۔ پارلیمنٹیرینز اور عالمی رہنماؤں کو اسلام کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
خط میں لکھاگیا کہ عالمی سطح پر لوگوں کو اسلام کی حقیقی تعلیمات سے آگاہ کرنیکی ضرورت ہے، بات چیت، افہام و تفہیم اور باہمی احترام عالمی امن کیلئے ناگزیر ہیں۔