اے سی سی ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ: پاکستان نے نیپال کو 9 رنز سے شکست دے دی

 

اسلام آباد: ایمرجنگ ویمنز ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستانی ویمنز ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں نیپال کو 9 رنز سے شکست دے دی۔

 

ذرائع کے مطابق ہانگ کانگ میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے دوسرے دن کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ویمنز ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے19.2 اوورز میں 87 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی طرف سے نیپال کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 88 رنز کا ہدف دیا گیا۔ جواب میں پاکستانی بولرز اس کم سکور کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوگئیں اور نیپال کی ٹیم کو 20 اوورز میں   وکٹوں پر78 رنز پر ڈھیر کر دیا۔

پاکستانی ویمنز ٹیم کی اننگز میں سب سے زیادہ 28 رنز شوال ذوالفقار نے سکور کیے جس میں ایک چوکا شامل تھا۔ نیپال کی طرف سے کبیتا کنور 20 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہیں جبکہ فاسٹ باؤلر اندو برما نے تین اوورز میں صرف 6 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 88 رنز کے معمولی ہدف کے تعاقب میں پاکستانی لیگ اسپنرز عروب اور طوبہ نے مخالف بلے بازوں کو سنبھلنے نہیں دیا۔ سیدہ عروب شاہ نے 16 رنز  جبکہ طوبی حسن نے 23 رنز دے کر دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ آف اسپنر ام ہانی اور لیفٹ آرم اسپنر انوشہ ناصر نے ایک ایک وکٹ حاصل کرکے پاکستان کو نو رنز سے فتح دلانے میں ٹیم کی مدد کی۔

 

پاکستانی باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کے سامنے نیپال کی ٹیم زیادہ دیر  نہ ٹک سکی اور وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں نے میچ پر پاکستانی ٹیم کی گرفت مضبوط بنادی۔ آخری اوور میں نیپال کو جیتنے کے لیے 17 رنز درکار تھے لیکن پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا نے اس اوور میں صرف 7 رنز دیئے۔

 

نیپال کی کبیتا کنور کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ انہوں نے20 رنز بنانے کے علاوہ دو وکٹیں بھی حاصل کیں۔

 

پاکستانی ویمنز ٹیم اپنا دوسرا میچ جمعرات کے روز ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گی۔

 

واضح رہے کہ ایونٹ میں 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر ٹیم تین گروپ میچ کھیلے گی اور دونوں گروپوں سے دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کریں گی جبکہ ایونٹ کا فائنل 21 جون کو کھیلا جائے گا۔