کراچی: سمندر طوفان”بائے پر جوائے” نے پاکستان کے ساحل کا رخ کرلیا ہے۔ اس وجہ سے پاکستان کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی گئی ہے اور ماہی گیروں کو بھی خبردار کردیاگیا ہے۔خطرے کے پیش نظر کراچی کے ساحلوں پر دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خطرناک سمندری طوفان بائے پر جوائے رخ تبدیل کر کے پاکستانی ساحل کی جانب بڑھ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان بائے پر جوائے رخ تبدیل ہونے کے بعد شمال اور شمال مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے، سمندری طوفان مکران کے ساحل کی طرف آ سکتا ہے۔
طوفانی نظام میں مسلسل تبدیلی کی وجہ سے سمندری طوفان میں مزید شدت بھی آ سکتی ہے۔ ماہی گیر 12 جون سے سمندر میں نہ نکلیں جب تک سسٹم بحیرہ عرب سے گزر نہ جائے۔ اونچی لہروں کی وجہ سے ساحلی علاقے متاثر ہو سکتے ہیں اور سندھ اور مکران کے ساحلی علاقے میں 13 اور14 جون کو تیز ہوائیں اور بارش متوقع ہے۔
پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ سندھ اور بلوچستان ساحلی علاقوں میں مقیم لوگوں کا تحفظ یقینی بنائیں، مسلسل طوفان کا مشاہدہ کر رہے ہیں، 6 بین الاقوامی ذرائع سے بھی سسٹم کی معلومات اکٹھی کی جارہی ہے۔