اڑیسہ: بھارت ریاست اڑیسہ میں مسافر اور مال بردار ٹرینوں میں خوفناک تصادم ہوا ہے۔ بھارتی ریاست اڑیسہ میں مسافر اور مال بردار ٹرین میں ٹکر کے نتیجے میں 50 افراد ہلاک، 180سے زائد زخمی ہو گئے جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ٹکر کے نتیجے میں شالیمار چنئی کورومنڈل ایکسپریس کی آٹھ بوگیاں پٹڑی سے الٹ گئیں۔ حادثہ اڑیسہ کے ضلع بالاسور میں پیش آیا۔رپورٹس کے مطابق مسافربردار ٹرین مغربی بنگال کے شالیمارریلوے سٹیشن سے چنئی سینٹرل سٹیشن کی طرف جا رہی تھی۔ ابتدائی طور پر 30 ہلاکتیں رپورٹ کی گئیں تاہم حادثے میں مزید ہلاکتوں جبکہ کئی افراد کے زخمی ہونے کا خدشہ ظاہر کیاجارہا ہے۔
حکام کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ کے تین یونٹس، 60 ایمبولینسوں سمیت ڈاکٹرز اور رضاکاروں کی ٹیمیں جائے حادثہ کی طرف روانہ کر دی گئی ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جائے حادثہ کے قریب ایک اور ٹرین بھی پٹڑی سے اتر گئی۔