واشنگٹن: امریکی جیل میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی 20 سال بعد اپنی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ملاقات ہوئی۔ جمعرات کو دوبارہ ملاقات طے ہے جس میں ڈاکٹر فوزیہ کے ساتھ سینیٹر مشتاق احمد اور وکیل کلائیو اسٹافورڈاسمتھ کی بھی ملاقات ہو گی۔
جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا کہ امریکی جیل میں قید ڈاکٹرعافیہ صدیقی سے ان کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی ملاقات ہو گئی ہے اور کل ڈاکٹرعافیہ سے میری، ڈاکٹرفوزیہ اور وکیل کلائیو اسٹافورڈاسمتھ سمیت جیل میں ملاقات ہو گی۔
سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ اگرچہ صورتحال تشویشناک ہے لیکن ملاقاتوں اور بات چیت کا راستہ کھل گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں بہنوں کے درمیان 20 سال بعد امریکی جیل میں ملاقات ہوئی جو ڈھائی گھنٹے تک جاری رہی۔
سینیٹر مشتاق احمد خان نے ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو اپنی بہن عافیہ صدیقی سے گلے ملنے اور ہاتھ ملانے کی اجازت تک نہیں تھی جبکہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو یہ بھی اجازت نہیں دی گئی کہ وہ عافیہ صدیقی کو ان کے بچوں کی تصاویر دکھا سکیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملاقات جیل کے ایک ایسے کمرے میں ہوئی جس کے درمیان میں موٹا شیشہ لگا ہوا تھا جس کے آرپار سے دونوں بہنوں نے ملاقات کی۔
ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا احوال بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عافیہ صدیقی نے سفید رنگ کا اسکارف اور جیل کا خاکی لباس پہنا ہوا تھا۔ اور جیل میں تشدد کے باعث ان کے سامنے کے دانت گر چکے ہیں اور انہیں سر میں لگنے والی چوٹ کی وجہ سے سننے میں بھی مشکل پیش آ رہی تھی۔
ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے روزانہ اپنے اوپر گزرنے والی اذیت کی تفصیلات بتائیں اور وہ اپنی والدہ کے بارے میں بھی پوچھتی رہیں تاہم انہیں اپنی والدہ کی وفات کا بھی علم نہیں تھا۔ عافیہ صدیقی نے اپنے بچوں سے متعلق بھی خیر خیریت دریافت کی۔
سینیٹر مشتاق احمد خان کا کہنا ہے کہ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ عوام آواز اٹھائیں اور حکمرانوں کو مجبور کریں کہ وہ جلد از جلدعافیہ صدیقی کی رہائی کا معاملہ امریکی حکومت کے ساتھ اٹھائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سینیٹر مشتاق احمد خان اور ڈاکٹر فوزیہ صدیقی جیل میں قید عافیہ صدیقی سے ملاقات کے لیے امریکہ روانہ ہوئے تھے۔
سينيٹرمشتاق احمد نےکہا کہ جمعرات کودوبارہ ملاقات طےہے،ميں خودبھی ملوں گا۔