یوم تکبیر سلور جوبلی: افواج پاکستان کا سائنسدانوں اورانجینئرزکوسلام, آئی ایس پی آر

راولپنڈی: آج پوری پاکستانی قوم یوم تکبیر کی سلور جوبلی منا رہی ہے۔ افواج پاکستان یوم تکبیر کو حقیقت کا رنگ دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا یوم تکبیر اور یوم تشکر کے حوالے سے کہنا ہے کہ پوری قوم آج یوم تکبیر کی سلور جوبلی منارہی ہے، پاکستان نے آج کے دن دفاعی صلاحیت کی شاندار کامیابی حاصل کی تھی،جس سے خطے میں طاقت کا توازن بہتر ہوا۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ مسلح افواج ان ذہین ذہنوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے مشکل چیلنجز میں یہ کامیابی حاصل کی۔ ہم ان سائنسدانوں اور انجینئروں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ناممکن کو حقیقت میں بدل دیا۔ پاکستان زندہ باد۔

واضح رہے 25 برس قبل اسی روز پاکستان نے بھارتی ایٹمی دھماکوں کے جواب میں اپنی جوہری طاقت کا مظاہرہ کیا تھا، یہ وہ یادگار دن ہے جب پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی 7 ویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور اسی دن کو  یوم تکبیر  کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔