ممبئی: بی سی سی آئی ایشیا کپ کے ‘ہائبرڈ ماڈل’ کے لیے صرف اس صورت میں تیار ہے جب پاکستان ورلڈ کپ میں شرکت کی تصدیق کرے گا۔
بھارتی میڈیا کےمطابق بی سی سی آئی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے تجویز کردہ ماڈل کے ساتھ اپنے معاہدے کو مشروط کردیا ہے، بی سی سی آئی کی جانب سے شرط رکھی گئی ہے کہ اس سال اکتوبر میں ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کے دورہ بھارت کے حوالے سے پاکستان سے تحریری یقین دہانی طلب کی جائے۔جبکہ بی سی سی کے طرف اس کا باضابطہ فیصلہ 27 مئی کو ہونے والی اسپیشل جنرل میٹنگ کے بعد ہی کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت پاکستان میں 5 میچز جبکہ 8 میچز نیوٹرل مقام پر کرائے جائیں گے۔ نیوٹرل مقام میں یو اے ای یا سری لنکا ہونے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ بھارت میں رواں برس کھیلا جانا ہے لیکن اس سے قبل ایشیا کپ پاکستان کی میزبانی میں ہوگا جس میں بھارت نے شرکت سے انکار کردیا تھا۔ جس کے بعد پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے پاکستان کی جانب سے بھارت میں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کے بارے میں خبردار کر دیا تھا۔
تاہم دونوں بورڈز کے درمیان پاکستان کی جانب سےایشیا کپ کے لئے تجویز کیے جانے والے ہائبرڈ ماڈل پر بات چیت جاری ہے۔